بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حریم شاہ کے شوہر لاپتہ، الطاف حسین کا انوارالحق کاکڑ سے خاص مطالبہ

متحدہ قومی موومنٹ کے بانی اور برطانوی پاکستانی سیاست دان الطاف حسین نے ٹک ٹاکر حریم شاہ کے شوہر بلال شاہ کی بازیابی کیلئے پاکستان کی نگراں وزیر اعظم  انوارالحق کاکڑ سے خاص مطالبہ کردیا۔

حال ہی میں ٹک ٹاکر اور اداکارہ حریم شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ویڈیو بیان جاری کیا تھا جس میں انہوں نے اپنے شوہر بلال شاہ کے اغوا کیے جانے کا انکشاف کیا تھا۔

ویڈیو میں حریم شاہ کا کہنا تھا کہ ’گزشتہ 7 دنوں میں میرے شوہر لاپتہ ہیں، انہیں گھر کے سامنے سے سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد غیر قانونی طریقے سے اغوا کرکے لے گئے ہیں۔ ’

حریم شاہ کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ ’شوہر کی بازیابی کیلئے متعلقہ تھانوں میں  شکایات درج کرائی ہیں۔’

بعد ازاں حریم شاہ نے ایک اور ٹوئٹ میں چیف آرگنائزر مریم نواز پر بھی الزامات عائد کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے شوہر کے اغوا میں مریم نواز کا ہاتھ ہے۔’

ان سب معاملات، قانونی کاروائی کے بعد  متحدہ قومی موومنٹ کے بانی الطاف حسین بھی حریم شاہ کو سپورٹ کرنے سامنے آگئے۔

الطاف حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ جاری کی جس میں انہوں نے پاکستان کے  نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ سے جلد بلال شاہ کے بازیابی کا مطالبہ کردیا اور ساتھ ہی اس عمل کو غیر قانونی قرار دےدیا۔

انہوں نے لکھا کہ ’حکومت یاکسی بھی حکومتی ادارے کو اگر کوئی فرد مطلوب ہو تو ثبوت وشواہد کےساتھ اُسے گرفتار کرنا تو سمجھ میں آتا ہے لیکن کسی بھی مطلوبہ شخص کے نہ ملنے پر اُس کے خاندان کے کسی بھی فرد کوگرفتار کرناسراسر غیرقانونی اور غیرآئینی عمل ہے’۔

انکا مزید کہنا تھا کہ ’مصدقہ اطلاعات کے مطابق ٹک ٹاکر اسٹار حریم شاہ کے شوہر بلال حسین شاہ کو اُن کے گھر سے گرفتار کرکے لاپتہ کرنے کاعمل سراسر غیرآئینی وغیرقانونی ہے’۔

انکا کہنا تھا کہ ’نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے مطالبہ ہے کہ وہ بلال حسین شاہ کی جبری گمشدگی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو بلال حسین شاہ کی بازیابی کے احکامات صادر فرمائیں’۔