لاہور:سابق وزیراعظم و مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہناہے کہ میرے مطابق پی ڈی ایم کی حکومت نہیں بننی چاہیے تھے ،ہمیں الیکشن کی طرف جانا چاہیے تھا۔پی ڈی ایم حکومت ملکی مفاد میں بہتر فیصلے نہیں کرسکی جس کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے،
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے میں کچھ نہیں کہہ سکتا،اس حوالے سے آپ میاں جاوید لطیف سے پوچھیں یہ یہ شعبہ ان کے پاس ہے، وہی تین ساڑھے تین سال سے تاریخ دے رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب عوام کے پاس جانا پڑےگا،کارکردگی کی بات کرنا پڑے گی۔عوام کی مشکلا ت میں اضافہ ہوا،مہنگائی بھی بڑھ گئی ہے ،ا ن حالات میں عوامی نمائندوں کا عوام میں جانا اور ان کے مسائل کو سننا ضروری ہے ،اگر عوام کے مسائل نہیں سننے جائیں گے تو پھر کسی کو بھی ووٹ نہیں ملے گا۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ آج کے حالات میں کوئی بھی سیاسی جماعت اکثریت حاصل نہیں کرسکتی،مخلوط حکومت ہی وجود میں آئے گی۔مخلوط حکومت کی اپنی کمزوریاں اور طاقت ہوتی ہے ،اس حکومت کے مثبت اور منفی اثرات بھی ہوتے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے انٹرویو میں مزید کہا کہ میراذاتی خیال ہے کہ میاں نوازشریف کو الیکشن کے قریب آنا چاہیے،الیکشن کمپین ان کے بغیر نامکمل ہے ۔ن لیگ میں وزارت عظمی کے امیدوار کے حوالے سے واضح اختلافات موجود نہیں ہیں اس حوالے سے ہر ایک کی اپنی رائے ہے تاہم میاں نوازشریف اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریںگے۔
پی ڈی ایم حکومت کے فیصلوں کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے،شاہد خاقان عباسی








