لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) گانے کے منفرد انداز سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے چاہت فتح علی خان نے پاکستان کا وزیر اعظم بننے اور ملک میں حقیقی تبدیلی لانے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔
سوشل میڈیا پر چاہت فتح علی خان کے نام سے شہرت پانے والے منفرد گلوکار کا اصل نام کاشف رانا ہے۔ سوشل میڈیا پر ان کئی تفریحی ویڈیوز وائرل ہوچکی ہیں۔ جس کی وجہ سے وہ راتوں رات صارفین میں مقبول ہوگئے ہیں۔
انہوں نے ملک میں ہونے والے کرکٹ ٹورنامنٹ کے موقع پر اپنا ایک تفریحی گانا ریلیز کیا تھا، جس پر صارفین نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا، تاہم اس کے باوجود یہ ویڈیو لاکھوں میں دیکھی گئی۔
اسی طرح جب معروف بھارتی گلوکارہ لتا منگیشر کر انتقال ہوا تو اس موقع پر بھی انہوں نے ایک ویڈیو میں انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کی یہ ویڈیو بھی خاصی وائرل ہوئی۔
چاہت فتح علی خان نہ صرف پاکستان میں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل چکے ہیں بلکہ لندن منتقل ہوجانے کے بعد بھی وہ کلب کرکٹ کھیلتے رہے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ عاقب جاوید ان کی کپتانی میں کرکٹ کھیلتے رہے ہیں۔
اپنی منفرد اور دلچسپ ویڈیوز کے ذریعے وائرل ہونے والے چاہت فتح علی خان نے اب ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے پاکستان کا وزیر اعظم بننے کی خواہشں کا اظہار کردیا ہے۔
ایک انٹرویو میں چاہت فتح علی خان نے کہا کہ پاکستان ڈیولپمنٹ پارٹی (پی ڈی پی) کے نام سے اپنی سیاسی پارٹی تشکیل دی ہے اب اپنی پارٹی کے ایجنڈے کو عملی شکل دینا چاہتا ہوں اور اس کے لیے وزیر اعظم بننے کا خواہشمند ہوں۔ علاوہ ازیں وہ بھی پاکستان میں حقیقی تبدیلی کے دعویدار ہیں۔
چاہت فتح علی خان نے دعویٰ کیا ہے کہ اس تبدیلی کے لیے ان کے لیے ان کے پاس پلان ، ایجنڈا اور ویژن موجود ہے۔ وہ اپنی فیملی کے لیے نہیں پورے ملک کے لیے سوچتے ہیں۔
انہوں ایک سوال کے جواب میں اس بات پر رضامندی کا اظہار کیا کہ اگر انہیں سلیکٹڈ وزیراعظم بھی بننا پڑا تو وہ اس کے لیے بھی تیار ہیں۔
سیاسی جماعت بنا لی ،وزیراعظم بننے کا خواہشمند ہوں،چاہت فتح علی خان







