اسلام آباد(ممتازنیوز)پاکستان تحریک انصاف نے برطانوی ہائی کمشنر کی الیکشن کمیشن آمد پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ برطانوی ہائی کمشنر کا الیکشن کمیشن آف پاکستان کے صدر دفتر کے دورے کے اغراض و مقاصد کلیتاً ناقابلِ فہم ہیں،دفترِخارجہ کی ان دوروں پر خاموشی بطورِ خاص باعثِ تشویش ہے،بدھ کوتحریک انصاف کے مرکزی میڈیاسیل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ترجمان تحریک انصاف نے کہاکہ اس سے پہلے امریکی سفیر کے دورۂ الیکشن کمیشن پر دفترِخارجہ کی ایڈوائس کو نظر انداز کئے جانے کی اطلاعات قومی ذرائع ابلاغ میں گردش کرتی رہیں،چیف الیکشن کمشنر آئین سے سنگین انحراف اور پاکستان میں جمہوریت پر شب خون مارنے کی کوششوں میں مرکزی سہولت کار ہے،گزشتہ 17 ماہ کے دوران بالخصوص چیف الیکشن کمشنر نے اپنے منصب کو عوام کو ووٹ کے بنیادی حق سے محروم کرنے کیلئے بے دریغ استعمال کیا۔
ترجمان نےکہاکہ پنجاب میں انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے سپریم کورٹ نے اپنے 4 اپریل کے فیصلے میں الیکشن کمیشن کے غیرآئینی اور مجرمانہ کردار کا پورا نقشہ کھینچا،دفترِخارجہ چیف الیکشن کمشنر کے کردار و شخصیت سے بیرونی حکومتوں کو متعارف کروانے کیلئے سپریم کورٹ کا فیصلہ ڈپلومیٹک کور کو ارسال کرے،دفترِخارجہ دنیا کو بتائے کہ الیکشن کمیشن قومی اسمبلی کی تحلیل کی صورت میں 90 روز کے اندر انتخابات کے انعقاد کے آئینی فریضے کی انجام دہی سے بھی گریزاں ہے۔
ترجمان نے کہاکہ دفترِخارجہ بیرونی سفراء پر واضح کرے کہ انتخابات کی تاریخ کےتعیّن کےمعاملے پر صدر کے دستوری اختیار کو نیچا دکھانے والا چیف الیکشن کمشنر ملک میں جمہوریت کو آئینی بحران کی نذر کرنے کی راہ پر گامزن ہے، بیرونی حکومتیں پاکستان میں جمہوریت کی تباہی کے مجرمانہ عمل کے مرکزی کردار سے روابط کے حوالے سے اپنی پالیسی پر نظرِثانی کریں،برطانوی ہائی کمشنر کی الیکشن کمیشن آمد کے اغراض و مقاصد اور کمیشن سے ملاقات کی تفصیلات سے بلاتاخیر قوم کو آگاہ کیا جائے۔
برطانوی ہائی کمشنر کی الیکشن کمیشن آمد کے اغراض و مقاصد اور کمیشن سے ملاقات کی تفصیلات سے بلاتاخیر قوم کو آگاہ کیا جائے،پاکستان تحریک انصاف کا برطانوی ہائی کمشنر کی الیکشن کمیشن آمد پر حیرت کا اظہار








