اسلام آباد (ممتازنیوز) سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر محمد علی درانی نے کہا ہے کہ مشکل میں پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے تمام لوگ ملک کے بہترین مفاد میں مفاہمت اور ملک کے ادارے سے ٹکرائو کی بجائے صرف سیاست کرنا چاہتے ہیں، کچھ کردار ٹکرائو پیدا کرکے اپنی اہمیت بنانے کیلئے پھڈا ڈالنا چاہتے ہیں، وہ پیڑ نہ گنیں آم کھائیں، جمہوریت پھل ہے، پھڈا بازی سے ملکی سیاست کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ان کی صدر عارف علوی سے ملاقات میں تفصیلی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وہ تمام لوگ جو مشکل میں پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں وہ مفاہمت چاہتے ہیں ، ان کے مطابق پی ٹی آئی کو جو چھوڑ کر گئے ہیں وہ لڑائی چاہتے تھے، انہوں نے لڑائی کرائی، اس وقت پی ٹی آئی میں موجود لوگوں سے جذباتی لگائو ہے، زیادہ تر اب وہ لوگ پی ٹی آئی میں رہ گئے ہیں جنہیں میں نے خود چیئرمین پی ٹی آئی کے حوالے کیا تھا۔ محمد علی درانی نے کہا کہ انہوں نے مشکل میں پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے لوگوں سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ ملک کے بہترین مفاد میں ہم نے مفاہمت کرنی ہے، وہ ملک کے اداروں سے ٹکرائو کی بجائے صرف سیاست کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کو پہلے سی بی ایم کا اعلان کروں گا جو ان کے جذبات کی ترجمانی ہو گی، صدر سے آرمی چیف کی ملاقات ہوئی جس کے بعد حالات میں بہتری آئی جو سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے مزید کام کرنا ہو گا تو گرد بیٹھتی جائے گی، پتہ چلے گا کہ لڑائی ہو رہی تھی تو اس کی وجہ کیا تھی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ کردار ٹکرائو پیدا کرکے اپنی اہمیت بنانے کیلئے پھڈا ڈالنا چاہتے ہیں، وہ پیڑ نہ گنیں آم کھائیں، جمہوریت پھل ہے، پھڈا بازی سے ملکی سیاست کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔ سابق وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کا مؤقف واضح تھا، اسی طرح صدر عارف علوی کا رویہ بھی مثبت تھا، انہوں نے بعض باتوں سے اتفاق کیا اور کچھ پر اتفاق نہیں کیا۔ آئیندہ چند دنوں میں اسی مثبت سوچ کے ساتھ معاملات اگے بڑھیں گے۔ شہباز شریف نے ہمیشہ یہی کہا کہ وہ اپنی پارٹی کے پابند ہیں۔ اسی طرح صدر علوی کی سوچ مثبت پائی۔ سینیٹر محمد علی درانی نے کہاکہ میں نے انہیں (شہباز صاحب) کہا کہ اگر آپ نے ایمپائر کے سر میں بال مارنی ہے تو اس سے عمران خان نے آئوٹ نہیں ہونا، پی ٹی آئی کی صورتحال بھی اس وقت یہی ہے۔ میں چیئرمین پی ٹی آئی کو سب سے زیادہ جانتا ہوں، مجھے معلوم ہے کہ وہ اب کیا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ جلد اتفاق رائے کی صورتیں پیدا ہو گا، چاند نکلے گا تو سب دیکھ لیں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں مثبت پیشرفت کے امکان کے یقین کے ساتھ قدم آگے بڑھایا ہے۔ سیاست میں کراس لگانے کا اختیار عوام کے پاس ہے، تاریخ اس کی گواہ ہے۔ ایک اور سوال پر سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے کہاکہ سیاست میں بیٹا والد کے خلاف اتنی تلخ باتیں بے ادبی کے انداز میں سرعام کرے تو یہ نہایت بدتمیزی کی بات ہے، اختلافات پر اندر بیٹھ کر بات کر لیں، سڑک پر کھڑے ہو کر والد کی توہین ذیب نہیں دیتی جو سیاست میں ان کے استاد اور محسن بھی ہیں۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے ہمیشہ کہا کہ وہ اپنے بڑے بھائی کی بات مانیں گے۔ بلاول کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے والد سے معافی مانگیں کیونکہ وہ آج اپنے والد کی وجہ سے سیاست میں بیٹھے ہیں۔ بچوں کو سیاست کے ساتھ تمیز بھی سیکھنی چاہئے۔ ایک سوال پر محمد علی درانی نے کہا کہ لوگ مجھے کہتے ہیں کہ آپ صلح کراتے کراتے نوابزادہ نصر ﷲ خان بن گئے ہیں۔








