لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد کے علاج کے لیے دائر درخواست منظور کرلی۔
سابق وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کینسر کے علاج کیلئے درخواست انسداد دہشتگردی عدالت میں دائر کی تھی جس میں انہوں نے سروسز اسپتال سے کینسر کے ٹیسٹ کرانے کی اجازت مانگی تھی۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے یاسمین راشد کے علاج کیلئے درخواست منظور کر لی اور عدالت نے جیل حکام کو یاسمین راشد کے سروسز اسپتال سے کینسر ٹیسٹ کرانے کا حکم دیا۔
عدالت نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ جیل حکام یاسمین راشد کو اسپتال میں کینسر ٹیسٹ کیلئے لے کر جائیں۔
دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے یاسمین راشد کے خلاف 9 مئی کو شیر پاؤ پل پر اداروں کے خلاف تقریر اور جلاؤ گھیراؤ کے کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں پولیس نے انہیں عدالت میں پیش کیا۔
عدالت نے سابق وزیر کو 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔








