بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اتحادی حکومت ختم ہونے کے بعد نگران کابینہ پر پیپلز پارٹی کے اعتراضات کیوں؟ تجزیای رپورٹ میں حیران کن انکشافات

اسلام آباد(طارق محمود سمیر) الیکشن کمیشن کی طرف سے نگران وفاقی کابینہ میں سیاسی وابستگیوں کی بنیاد پر شمولیت پر جو اعتراضات کئے ہیں اور ن لیگ کی سابق اتحادی جماعت پیپلزپارٹی نے بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے تاہم پیپلزپارٹی کے تحفظات میں اس لئے زیادہ جان نہیں ہے کیونکہ وفاقی کابینہ میں ایک شخصیت ایسی ہے جو پیپلزپارٹی کی قیادت کے نہ صرف بہت قریب ہے بلکہ پیپلزپارٹی نے ان کا نام نگران وزیراعظم کے طور پر بھی دیا تھا ، پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ بھی آصف زرداری کے بہت قریب ہیں اور سابق صدر انہیں اپنا بیٹا بھی کہتے ہیں اور وہ چودھری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی کے قریبی رشتہ دار بھی ہیں۔وفاقی کابینہ کا جائزہ لیا جائے تو اس میں شمشاد اختر جو وزیر خزانہ ہیں وہ سابق گورنر اسٹیٹ بینک رہ چکی ہیں اور اپنے شعبے کی ماہر مانی جاتی ہیں ، جلیل عباس جیلانی جنہیں وزیر خارجہ بنایا گیا ہے وہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے کزن ہیں اور پیپلزپارٹی نے ان کا نام نگران وزیراعظم کے طور پر دیا تھا ، اسی طرح وزیردفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر ،عمران خان کے دورحکومت میں پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کے چیئرمین رہ چکے ہیں، سینیٹر سرفراز بگٹی جو وزیرداخلہ ہیں ان کی سیاسی وابستگی بلوچستان عوامی پارٹی کے ساتھ ہے ، وزیر تجارت گوہر اعجاز معروف بزنس مین ہیں تاہم ان کا اگرکسی سیاستدان سے سب سے قریبی تعلق ہے تو وہ آصف علی زرداری ہیں ، وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں ڈی جی ریڈیو رہ چکے ہیں ،وزیرقانون احمد عرفان اشرف کا شمار سینئر وکلاء میںکیا جاتا ہے ، انسانی حقوق کے وکیل خلیل جارج بلوچستان عوامی پارٹی کے ایم پی اے رہے ہیں ، شاہد اشرف تارڑ جنہیں مواصلات کی وزارت دی گئی ہے ان کی کوئی سیاسی وابستگی نہیں ہے اور نہ وہ کسی سیاسی جماعت میں شامل ہوئے ، جس دن انہیں وفاقی وزیر بنایا گیا وہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین تھے اس سے پہلے وہ ورلڈ بینک میں ایگزیکٹو ڈائریکٹرکے عہدے پر تعینات رہے تاہم نوازشریف کے دور حکومت میں وہ چیئرمین این ایچ اے رہے ۔وزیر توانائی وپٹرولیم محمد علی ٹیکنوکریٹ ہیں ان کی بھی کوئی سیاسی وابستگی نہیں ہے ، وزیر تعلیم محمد علی سندھی سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم کے پریس سیکرٹری رہ چکے ہیں ان کا بھی ن لیگ سے کوئی تعلق نہیں ہے، ڈاکٹر ندیم جان ، انیق احمد ، جمال شاہ اور ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک بھی اپنے اپنے شعبوں کے ماہر مانے جاتے ہیں ، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر عمر سیف کے والد کرنل(ر)سیف کا میاں نوازشریف سے ضرور تعلق رہا ہے تاہم وہ آئی ٹی کے ماہر مانے جاتے ہیں اور اسی بنیاد پر انہیں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا وزیر بنایا گیا ہے ، جہاں تک احد چیمہ پر مختلف حوالوں سے تنقید کی جارہی ہے ،احد چیمہ وزیراعظم کے مشیر ہیں، وہ ریٹائرڈ بیوروکریٹ اور عمران خان کے دور حکومت میں مختلف مقدمات میں جیل کاٹ چکے ہیں اور سب سے زیادہ جیل کاٹنے والے بیوروکریٹ ہیں وہ بھی ن لیگ کا باضابطہ حصہ نہیں ہیں تاہم شہبازشریف کے قریبی افسران میں ان کا شمارکیا جاتا رہا ہے ، اسی طرح نامزد وفاقی وزیر فواد حسن فواد جو نوازشریف کے پرنسپل سیکرٹری رہے تاہم عمران خان کے دور حکومت میں انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا اور نیب کے مقدمات میں جیل میں قید رہے ، نیب عدالتوں میں ان کیخلاف کوئی الزام ثابت نہیںکرسکا اور وہ باعزت بری ہوئے ، فواد حسن فواد شہبازشریف کابینہ کا حصہ نہیں بنے تھے بلکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل ، بلاول بھٹو کے سابق ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر اور فواد حسن فواد نے ری امیجنگ پاکستان تھنک ٹینک بنایا تھا جس نے مختلف شہروں میں معیشت کے حوالے سے سیمینار منعقد کئے جن میں سابق پی ڈی ایم حکومت کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا، فواد حسن فواد نے ن لیگ میں کبھی بھی شمولیت اختیار نہیںکی بلکہ ایک بیوروکریٹ کے طور پر اچھی شہرت کے حامل رہے ہیں ۔علاوہ ازیں اگر دیکھا جائے تو نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی جو آصف زرداری کے بہت قریبی تصور کئے جاتے ہیں جبکہ سندھ کے نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر بھی پیپلزپارٹی کے بہت قریب ہیں اور آصف زرداری نے ایک مرتبہ ان کا نام چیئرمین نیب کے طور پر بھی دیا تھا اور نگران وزیراعظم کے طور پر بھی پیپلزپارٹی کی طرف سے جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقرکا نام آتا رہا ہے۔
تجزیہ