بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لیبیا میں سیلاب، ہلاکتوں کی تعداد 11ہزار سے متجاوز

مشرقی لیبیا میں آنے والے سیلاب کے بعد  ہلاکتوں کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ 20 ہزار افراد تا حال لاپتا ہیں۔

ہلال احمر  کے مطابق ہر جانب تباہی مچاتے سیلاب کے بعد اموات کی تعداد میں خوفناک حد تک اضافے کے بعد 11 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے ، تعداد میں مسلسل اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سیلاب سے تقریباً 2 ہزار لاشیں سمندر میں بہہ گئیں ہیں جبکہ 20 ہزار افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

اسکے علاوہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین کے مطابق درنہ  میں آنے والے سیلاب کے نتیجے میں کم از کم 30 ہزار افراد بےگھر ہوئے ہیں۔

درنا کے میئر عبدالمنعم الغیثی کا کہنا ہے کہ امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے اور ہمارے اندازے کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 18 ہزار سے 20 ہزار تک ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ لیبیا کے شہر درنا میں مسلسل بارشوں کے باعث دو ڈیم ٹوٹ گئے اور سیلابی ریلا رہائشی علاقے میں داخل ہوگیا، ریلا اتنا طاقتور تھا کہ راستے میں آنے والی کئی رہائشی عمارتوں کو تہس نہس کرکے رکھ دیا تھا۔

اس سیلاب سے محفوظ رہنے والے ایک رہائشی طہٰ مفتاح کا کہنا تھا کہ ڈیم ٹوٹنے کی آواز کسی فضائی حملے یا شدید فائرنگ جیسی تھی۔ ان کے مطابق وہ شہر کے مشرقی حصے میں واقع پہاڑی پر رہتے ہیں اور بلندی کی وجہ سے محفوظ رہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اب درنہ میں منہدم شدہ عمارتوں کا ملبہ اور اس میں دبی انسانی لاشیں ہی بچی ہیں۔ ‘پانی تو اتر گیا ہے، بس ملبہ بچا ہے اور ان لوگوں کی لاشیں ہیں جو پانی کے ریلے میں ڈوب گئے۔’