کانفرنس کا موضوع سیرت طیبہ کی روشنی میں ملکی معاشی استحکام کیلئے حکمتِ علمی طے کیا گیا ہے: انیق احمد
اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور ماہ ربیع الاوّل میں محفلِ نعت اور قومی سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد کرے گی ۔ کانفرنس کا موضوع ’’سیرت طیبہ کی روشنی میں ملکی معاشی استحکام کیلئے حکمتِ علمی‘‘ طے کیا گیا ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے جمعہ کے روز وزارت میں ایک اجلاس کی صدارت کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ایمان ہے کہ روز مرہ کے تمام تر معاشرتی مسائل کا حل سیرت طیبہ کی روشنی میں تلاش کیا جا سکتا ہے۔ اجلاس میں طے پایا کہ ماہ ربیع الاوّل میں وزارت محفل نعت اور قومی سیرت کانفرنس کا انعقاد کرے گی ۔ 12 ربیع الاوّل کو قومی سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ امسال کانفرنس کا موضوع موجودہ حالات کے تناظر میں ’’ ملکی معاشی استحکام کیلئے حکمتِ عملی؛ سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں‘‘ طے کیا گیا ہے۔ انیق احمد نے مزید کہا کہ سیرت طیبہ سے بہتر رہنمائی اور حکمتِ عملی کے تعین کیلئے اس موضوع اور اسکے ذیلی عنوانات پر ملک بھر سے جید علماء کرام اور سکالرز کو اظہار خیال کا موقع دیا جائے گا ۔اس موقع پرمختلف اقوام خصوصامسلم ممالک کے سفراء حضرات کو بھی مدعو کیا جائے گا ۔ اس اہم موضوع پر ملک بھر کے اہل علم کو مقالات سیرت لکھنے کی دعوت بھی دی گئی ہے تاکہ موضوع پراہل قلم کی جانب سے علمی ذخیرہ کو کتابی شکل دی جا سکے۔ بہترین مقاہ نگار مرد و خواتین کو وزارت کی جانب سے نقد انعامات اور تعریفی اسناد پیش کی جائیں گی۔ وزیر مذہبی امور نے کانفرنس کے انعقاد کیلئے جاری تیاریوں کا جائزہ لیا اور متعدد احکامات جاری کیے۔ اجلاس میں سیکرٹری مذہبی امور آفتاب اکبر درانی اور دیگر اعلیٰ افسران شریک تھے۔ #








