ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے اپنی بلاک بسٹر فلم ’جوان‘ میں نینتھارا کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی سے اُنہیں اسکرین ٹائم کم ملا۔
ساؤتھ انڈین اداکارہ نینتھارا نے فلم ‘جوان’ میں ایک ماں اور ایک پولیس اہلکار کا کردار ادا کیا ہے، اُن کے اس کردار کی جہاں مداحوں کی جانب سے تعریف کی گئی ہے تو وہیں شاہ رخ خان نے بھی تعریف میں نینتھارا کے کردار کو حیرت انگیز کہہ دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر شاہ رخ خان کے ساتھ ہونے والے سوال و جواب کے سیشن میں ایک پُرستار نے کہا کہ فلم میں سوجی کے ساتھ آزاد کی بانڈنگ بہت پسند آئی جبکہ نینتھارا کے کردار کو بھی بڑی ہی نفاست کے ساتھ بنایا گیا۔
I also felt that the story of Narmada as a single mom was amazing. Unfortunately in the scheme of things couldn’t find more screen time but as is was also wonderful. #Jawan https://t.co/QStZVAOMxC
— Shah Rukh Khan (@iamsrk) September 22, 2023
پُرستار نے فلم میں خواتین کی بہترین انداز میں نمائندگی کرنے کے لیے شاہ رخ خان سمیت پوری ‘جوان’ ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اس ٹوئٹ کے ردعمل میں شاہ رخ خان نے کہا کہ ‘میں نے بھی محسوس کیا کہ نینھتارا کا فلم ‘جوان’ میں سنگل ماں کا کردار کافی حیرت انگیز تھا، بدقسمتی سے اُنہیں اسکرین ٹائم کم ملا لیکن اس کے باوجود بھی وہ کردار شاندار تھا’۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نینتھارا ہدایت کار ایٹلی کمار سے ’جوان‘ میں اُن کے سین کو ‘کم کرنے’ اور فلم میں دیپیکا پڈوکون کے سین کو ‘بڑھانے’ پر شدید ناراض ہیں جس کی وجہ سے اداکارہ نے خود کو فلم میں ‘سائیڈ لائن’ محسوس کیا۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ نینتھارا کا ماننا ہے فلم کی کامیابی کے بعد بھی دیپیکا پڈوکون کو زیادہ پیار اور توجہ مل رہی ہے جو اُن کے لیے ناقابلِ برداشت ہے کیونکہ نینتھارا فلم کی مرکزی کردار تھیں۔









