برسلز(ممتازنیوز) بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے جامعہ اسلامیہ، مولن بیک برسلز میں پاکستانی کمیونٹی کے زیر اہتمام بابرکت محفلِ میلاد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کای گیا بعد اذاں نعت اور تقاریر کا سلسلہ جاری رہا جس میں علماء کرام نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی اور سنت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی ۔ تقریب میں سفیر آمنہ بلوچ، پاکستانی کمیونٹی کے ارکان، مذہبی اسکالرز، جامعہ کے طلباء اور سفارتخانے کے افسران نے شرکت کی۔ علمائے کرام نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی سفیر آمنہ بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی رواداری، امن، ہمدردی، استقامت، عاجزی، دیانت اور سخاوت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا اور آخرت دونوں میں یکساں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ مزید برآں،پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ نے خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں زندگی کے تمام شعبوں میں یکساں مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیاری بیٹی بی بی فاطمہ رضی اللہ عنہا کی طرز زندگی کی جانب توجہ مبذول کراتے ہوئے، ان کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حضرت بی بی فاطمہ الزھرہ (رضی اللہ عنہا) کی زندگی مسلم خواتین کے لیے عزم و استقلال کا ایک عظیم نمونہ ہے،اس موقع پر سفیر پاکستان محترمہ آمنہ بلوچ نے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی زوجہ محترمہ حضرت بی بی عائشہ رضی اللہ عنہا کی حیات طیبہ پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے حضرت عائشہ (رضی اللہ عنہا) کی بے مثال ذہانت، اسلامی تعلیمات کے بارے میں ان کے فہم و ادراک ، کو دنیا بھر کی مسلم خواتین کیلئے مشعل راہ قرار دیاانہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان شاندار مثالوں پر عمل پیرا ہو کر ہم خواتین کی بے پناہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکتے ہیں اور انہیں معاشرے کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے قابل بنا سکتے ہیں۔ آخر میں، سفیر آمنہ بلوچ نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم صنفی مساوات کو فروغ دیں، معیاری تعلیم تک رسائی کو یقینی بنائیں، اور ایسا ماحول بنائیں جو خواتین کی ترقی کو فروغ دے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسلام میں خواتین کے بااثر کردار کو سامنے رکھتے ہوئے، ہم اجتماعی طور پر ایک زیادہ مساوی اور جامع معاشرے کے لیے کام کر سکتے ہیں۔ آخر میں سفیر موصوف نے جامعہ اسلامیہ مولن بیک میں کامیابی سے دینی کورس مکمل کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔









