بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جی ڈی اے ہسپتال ،ایک سال میں ایک لاکھ سے زائد مریضوں کو مفت علاج فراہم کیا گیا

اسلام آ باد (ممتازنیوز)جی ڈی اے ہسپتال گوادر میں مقامی آبادی کی بنیادی صحت کی ضروریات کو پورا کرنے میں نمایاں پیش رفت،گزشتہ سال ایک لاکھ سے زائد مریضوں کو طبی امداد فراہم کی گئی ، اس میں زچہ و بچہ کی صحت کے مسائل پر خصوصی توجہ دی گئی ۔ گوادر پرو کے مطابق ایک اجلاس کے دوران جی ڈی اے ہسپتال کے انڈس کیمپس کے سربراہ ڈاکٹر آفتاب احمد نے جی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل مجیب الرحمان قمبرانی اور وزیراعلی بلوچستان کے ہیلتھ کنسلٹنٹ ڈاکٹر شہزاد عالم کو ایک جامع پیشرفت رپورٹ پیش کی۔ گزشتہ سال گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے )نے انڈس ہسپتال کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کی، جو سماجی خدمات اور صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں ایک قابل اعتماد نام ہے۔ اس معاہدے کے تحت جی ڈی اے ہسپتال کا انتظام انڈس اسپتال کے حوالے کر دیا گیا جس سے مقامی آبادی کو اعلی درجے کی صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ گوادر پرو کے مطابق مجیب الرحمن قمبرانی نے کہا گزشتہ ایک سال کے دوران، ہمارے ہسپتال نے گوادر کے رہائشیوں کو مفت صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس نے مقامی برادری کی فلاح و بہبود پر نمایاں اثرات مرتب کیے ہیں۔ اجلاس کے دوران ڈاکٹر آفتاب احمد کی جانب سے پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال جی ڈی اے ہسپتال کے آٹ ڈور پیشنٹ ڈپارٹمنٹ (او پی ڈیز)میں مجموعی طور پر 99 ہزار 309 افراد نے طبی امداد حاصل کی۔ ان میں سے 47 ہزار 379 خواتین تھیں جنہوں نے فیملی میڈیسن کلینک کا دورہ کیا جبکہ 30 ہزار 989 مریضوں نے کنسلٹنگ کلینک میں دیکھ بھال کی۔ مزید برآں، اسپتال کے ایمرجنسی روم (ای آر) ڈپارٹمنٹ میں 20،941 افراد نے طبی امداد حاصل کی۔ گوادر پرو کے مطابق اسی طرح مختلف بیماریوں کے علاج کے لئے مجموعی طور پر 3642 مریضوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا۔ اس عرصے کے دوران، 1,094 خواتین نے اپنے بچوں کو جنم دینے کے لئے اسپتال کا دورہ کیا. اسپتال نے مقامی آبادی کے مریضوں کے لئے 1،077 جنرل سرجری بھی کی۔ گوادر پرو کے مطابق گزشتہ سال کے دوران مجموعی طور پر 102,168 لیبارٹری ٹیسٹ کیے گئے۔ ان ٹیسٹوں نے مریضوں کو اعلی معیار کے علاج کی فراہمی کی بنیاد کے طور پر کام کیا ، جس میں ضرورت پڑنے پر مفت ادویات کی فراہمی بھی شامل ہے۔