بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پیپلز پارٹی الیکشن کے التوا کا حصہ نہیں بنے گی، حسن مرتضیٰ

 

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) پنجاب کے سینئر رہنما حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی الیکشن کے التوا کا حصہ نہیں بنے گی۔

لاہور میں پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی ایسی چیز کا حصہ نہیں بن سکتی، جس سے الیکشن کو پس پشت ڈال دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں سانحہ کارساز میں ہمارے سیکڑوں کارکن جاں بحق ہوئے، ہمارے کارکنوں کو کوڑے لگے، ہماری قیادت کو سڑک پر شہید کیا گیا۔

حسن مرتضیٰ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی الیکشن کا آئینی مدت میں مطالبہ کرتی ہے، حق حکمرانی عوام کا ہے، عبوری سیٹ اپ کے ذریعے حکومت چلانا ناانصافی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم لاہور میں جلسہ کریں گے، جس سے بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک خطاب کریں گے۔

پی پی پنجاب کے سینئر رہنما نے یہ بھی کہا کہ آج انتشار کا ٹائم نہیں، ہمیں بحیثیت قوم چیلنجز کا سامنا کرنا ہے، ہم نے مسائل کا حل دینا ہے، قوم ہماری طرف دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعت کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس میں ایسی باتیں کہیں جس سےتکلیف ہوئی، سندھ کے پسماندہ علاقوں میں ہیلتھ سیکٹر میں جتنی ترقی ہوئی وہ پورے پنجاب میں نہیں ہوئی۔

حسن مرتضیٰ نے کہا کہ سندھ کو آج تک این ایف سی میں پورا حصہ نہیں دیا گیا، اگر این ایف سی ایوارڈ اور 18ویں ترمیم نہ ہوتی بدتر صورتحال ہوتی۔