اسلام آباد(اصغرچودھری)پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے کہا ہے کہ چیئرمین عمران خان کو نہایت بھونڈے اور من گھرٹ مقدمات میں قانون کیخلاف عدالت فیصلے کا انتظار کئے بغیر نہایت عجلت میں نشانہ بنایا جارہا ہے،توشہ خانہ کے بعد کسی دوسرے مقدمے میں انصاف کے قتل کو قوم کسی طور قبول نہیں کرے گی۔
کور کمیٹی کے جاری اعلامیہ کے مطابق سائفر مقدمے سمیت چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف جعلی اور من گھڑت مقدمات کی مختلف عدالتوں میں جاری سماعت کے حوالے سے اہم امور پر غور کیا گیا اورعدالتِ عظمیٰ سے جھوٹے مقدمات اور ناقص ٹرائلز کے ذریعے چیئرمین عمران خان کو فیئر ٹرائل کے بنیادی حق سے محروم کرنے کی کوششوں کے فوری نوٹس کی استدعا کرتے ہوئےچیئرمین عمران خان کو خالصتاً سیاسی بنیادوں پر انتقام کا نشانہ بنائے جانے اور غیرمعمولی عوامی مقبولیت کے باعث غیرقانونی و غیرجمہوری طریقوں سے انتخاب سے باہر کرنے کی کوششوں کے فوری نوٹس کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ چیئرمین عمران خان کو نہایت بھونڈے اور من گھرٹ مقدمات میں قانون کیخلاف عدالت فیصلے کا انتظار کئے بغیر نہایت عجلت میں نشانہ بنایا جارہا ہے،توشہ خانہ کے بعد کسی دوسرے مقدمے میں انصاف کے قتل کو قوم کسی طور قبول نہیں کرے گی،عدالت عظمیٰ سے آئین کی منشا کے مطابق نوے روز میں عام انتخابات کے انعقاد کی درخواستوں کی فوری سماعت و فیصلے کی بھی استدعا کی گئی،الیکشن کمیشن پنجاب اور پختونخوا میں انتخابات کے باب میں ایک مرتبہ دستور سے مجرمانہ انحراف کر چکا ہے،عمران خان اور تحریک انصاف کی عوام میں مقبولیت کے پیشِ نظر ایک مرتبہ پھر انتخاب کو نوّے روز کی آئینی مدت میں نہ کروا کر آئین توڑنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں،سپریم کورٹ آئین کی حفاظت کا دستوری تقاضا نبھاتے ہوئے مداخلت کرے اور الیکشن کمیشن اور نگران سرکار کو آئینی مدت میں انتخابات کے انعقاد کا پابند کرے،سپریم کورٹ نگران حکومت کو نجکاری سمیت اس کے دائرہ اختیار سے باہر تمام امور سے گریز کرنے اور نوّے روز میں انتخاب کے ذریعے اقتدار عوام کی منتخب قیادت کے سپرد کرنے کا پابند بنائے،پاکستان کی معاشی ترقی سیاسی استحکام سے وابستہ ہے جس کے حصول کی صلاحیت مینڈیٹ کی حامل منتخب حکومت ہی کے پاس ہوگی،انتخابات کو التوا میں ڈالنا اور غیر منتخب حکومت کے ذریعے قومی فیصلہ سازی پر اصرار معاشی و سیاسی عدمِ استحکام میں شدت کا موجب بنے گا۔
کورکمیٹی تحریک انصاف نےاجلاس میں مرکزی رہنما عثمان ڈار کے حالیہ انٹرویو، اس کے مندرجات اور پس منظر کا بھی مفصل جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ریاستی مشینری کی جانب سے سیاسی زعما کو طاقت کے وحشیانہ استعمال سے اغوا کرنے اور جبر و تشدد سے اپنی مرضی کے بیانات اگلوانے کی کوئی نظر ہماری تاریخ میں نہیں ملتی،جبر و وحشت کا یہ سلسلہ یقیناً ناکامی سے دوچار ہوگا اور حق اور سچ ہی غالب آئین گے، ان شا اللہ،عدالت عظمیٰ سے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا سلسلہ روک کر شہریوں کے بنیادی دستوری حقوق بحال کرنے کی استدعا کی اورکورکمیٹی کا دیگر اغواکنندگان اور جبری طور پر لاپتہ کئے گئے ذمہ داران کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے اجلاس میں تحریک انصاف کی سیاسی حکمت پر بھی غور کیا گیا اور اہم فیصلے کئے گئے ۔۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو قانون کیخلاف عدالت فیصلے کا انتظار کئے بغیر عجلت میں نشانہ بنایا جارہا ہے، کور کمیٹی پی ٹی آئی








