بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

8 اکتوبر 2005 کے تباہ کن زلزلے میں شہداکی یاد آج تک ہمارے دلوں میں تازہ ہے، اسپیکر

 

8 اکتوبر کے تباہ کن زلزلے کے بعد پوری قوم نے جس اتحاد کا مظاہرہ کیا آج ایک بار پھر اس اتحاد کی ضرورت ہے، راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی و سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ 8 اکتوبر 2005 کا زلزلہ پاکستانی قوم کے لیے ایک آزمائش تھی اور قوم نے اس آزمائش کے وقت میں جس اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا وہ مثالی تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس زلزلے کی تباہ کاریوں اور اس کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کو ہم آج تک نہیں بھولے اور ان خاندانوں جن کے پیارے اس قدرتی آفت کے دوران ان سے بچھڑ گئے ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 8 اکتوبر 2005کے زلزلے کی 18ویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔

اسپیکر نے کہا کہ 8 اکتوبر کے زلزلے کے دوران پوری قوم اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہو گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس بے مثال قومی اتحاد اور یکجہتی نے متاثرین کو دوبارہ سے اپنے پاؤں پر کھڑا ہو نے کے لیے ایک نیا حوصلہ اور عزم دیا۔انہوں نے کہا کہ اس قدرتی آفت کے دوران آزاد کشمیر اور شمالی علاقوں کے 80 ہزار سے زاہد افراد شہید اور لاکھوں افراد بے گھر ہوئے۔انہوں نے کہا کہ متاثرین کی بحالی ایک مشکل مرحلہ تھا تاہم قومی اتحاد اور یکجہتی اور دوست ممالک کے تعاون سے بحالی کا یہ مشکل کام ممکن ہوا۔

اسپیکر نے مزید کہا کہ آج بھی قوم کو 8 اکتوبر کے زلزلے کے بعد والے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے جس طرح زلزلے جیسی بڑی آفت کا جانفشانی سے مقابلہ کیا، اسی طرح آپس کے اختلافات کو بھلا کر ملک کو درپیش چیلنجز سے بھی چھٹکارا پایا جا سکتا ہے ۔اسپیکر قومی اسمبلی نے اللّه تعالی سے 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور وطن عزیز کو ایسی آفات سے محفوظ رکھنے کی دعا کی۔