بھارت میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ کے 8ویں میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کیلئے 345 رنز کا بڑا ہدف دے دیا، آئی لینڈرز کے 2 کھلاڑیوں نے سنچریاں بنائیں۔
میچ حیدرآباد کے راجیو گاندھی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔
میگا ایونٹ میں اپنے دوسرے میچ میں پاکستانی بولرز خاطر خوا بولنگ نہ کرواسکے اور آئی لینڈرز بلے بازوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 344 رنز اسکور کیے۔ سری لنکا کے کوشل مینڈس اور سدیرا سمارا وکرما نے سنچریاں بنائیں۔
سری لنکا کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہیں کرسکے، کوشل پریرا صفر پر آوٹ ہوئے۔
دوسری وکٹ کی شراکت میں پاتھم نسانکا اور کوشل پریرا نے 102 رنز کی شراکت قائم کی اور پاتھم نسانکا 51 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے۔
کوشل مینڈس کے بیٹ نے ایک بار پھر رنز اگلے، مینڈس نے 77 گیندوں پر سنچری بنائی۔ انھوں نے 14 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 122 کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
مینڈس کے بعد سدیرا سمارا وکرما نے بھی سنچری جڑی دی۔ انھوں نے بھی جارحانہ کھیلتے ہوئے 82 گیندوں پر 100 رنز مکمل کیے۔ جبکہ وہ 108 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔
دیگر کھلاڑیوں میں دھننجایا ڈی سلوا 25 اور چارتھ اسالنکا ایک رن بناکر آوٹ ہوئے۔
میچ کا باقائدہ آغاز پاکستانی وقت کے مطابق ڈیڑھ بجے ہوا۔
قومی اسکواڈ میں ایک تبدیلی کی گئی ، اوپنر فخر زمان کو ڈراپ کرکے عبداللہ شفیق کو شامل کیا گیا۔
ٹاس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ ہم پراعتماد ہیں، اچھے کھیل کی امید ہے جب کہ سری لنکا کے خلاف ہماری کارکردگی بھی اچھی رہی ہے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کپتان بابراعظم، بیٹر عبداللہ شفیق، امام الحق، وکٹ کیپر محمد رضوان، سعود شکیل اور افتخار احمد شامل ہیں۔
اس کے علاوہ نائب کپتان شاداب خان، محمد وناز، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور حارث بھی سری لنکا کے خلاف 11 رکنی قومی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
ورلڈ کپ کے دوسرے اور اپنے پہلے میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو 81 رنز سے شکست دیکر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کل 156 میچز ہوئے ہیں، جن میں پاکستان کو واضح برتری حاصل ہے۔
پاکستان نے سری لنکا کے خلاف 92 میچز جیتے جبکہ سری لنکا 59 میچز میں کامیاب رہا، ایک میچ برابر ہوا جبکہ 4 میچز بے نتیجہ رہے۔
ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان سری لنکا کے خلاف ناقابل شکست رہا ہے، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اب تک 8 میچز کھیلے جاچکے ہیں، جن میں سے پاکستان نے 7 میچز جیتے جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا جو 2019 میں میچ بارش کے باعث نہ ہوسکا۔








