اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیس میں الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کو پیش کرنے کیلئے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر میں چیئرمین پی ٹی آئی پر فرد جرم عائد کرنے کے معاملے پر سماعت ہوئی،ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4رکنی کمیشن نے سماعت کی،چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔
شعیب شاہین نے کہاکہ پروڈکشن آرڈر جاری کریں تاکہ چیئرمین پی ٹی آئی یہاں پیش ہوں ،ممبر نثار درانی نے کہاکہ پروڈکشن آرڈر ہم جاری کردیتے ہیں،ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے کہاکہ ہم فرد جرم عائد کر دیں گے،اپنے دفاع میں جو پیش کرنا ہے وہ آپ کی مرضی ہے،ممبر نثار درانی نے کہاکہ آپ یہی چاہتے ہیں کہ ہم شوکاز نوٹس پر آرڈر جاری کریں،شعیب شاہین نے کہاکہ جی میں بالکل یہی چاہتا ہوں،ممبر نثار درانی نے کہاکہ شوکاز نوٹس کا جواب آپ جمع کرائیں ہم پروڈکشن آرڈر جاری کردیتے ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی کونسی جیل میں ہیں،ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم سکیورٹی کیلئے آئی جی جیل خانہ جات کو لکھ دیتے ہیں۔








