بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 سپریم کورٹ کے فیصلے پرقانونی ماہرین کا ملاجلاردعمل،نوازشریف، ترین ریویو میں جاسکتے ہیں، عرفان قادرودیگر

اسلام آباد(ممتازنیوز) قانونی ماہرین نے پریکٹس اینڈپرسیجرایکٹ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پرملے جلے ردعمل کااظہار کیاہے ۔ماہر قانون عرفان قادر نے کہا کہ اپیل کا حق دینا بڑا اچھا فیصلہ ہے، لوگوں سے اپیل کا حق پہلے چھین لیا جاتا تھا، نوازشریف ریویو میں جا سکتے ہیں، ریویو کا وقت 30 دن کے لئے ہوتا ہے، ریویو کو فل کورٹ دیکھے گا، میرا نہیں خیال ریویو کو اتنا لمبا کھینچا جائے گا۔ سابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے کہا کہ ’شفاف ٹرائل شہریوں کا بنیادی حق ہے۔جس مقدمے میں اپیل کا حق ہی نہ ہو وہ شفاف کیسے ہوسکتا ہے۔ اوپر سے بینچ بھی مرضی کے ججوں پر مشتمل ہو۔ اس لیے پارلیمنٹ نے دُرست قانون سازی کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں چیف جسٹس کو ماسٹر آف روسٹر کہہ کر مطلق العنان آمر بنا دیا تھا۔ اس فیصلے کے ذریعے سپریم کورٹ کے ججوں کی اکثریت نے اس اصطلاح کو مسترد کر دیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ایک ٹیم کے دو کپتان نہیں ہوتے۔ یہ ٹیم کپتان کی بات نہیں بلکہ یہ تو سلیکشن کا معاملہ ہے کہ کون سا جج کون سا کیس سنے گا۔ ان کے مطابق سلیکشن کمیٹی ایک فرد پر مشتمل تو نہیں ہوتی۔ ویسے بھی یہ کرکٹ ٹیم نہیں بلکہ انصاف کا معاملہ ہے جسے شفاف بنانا ضروری تھا۔ ماہر قانون جسٹس (ر) شائق عثمانی نے کہا کہ بظاہر یہ کہنا صحیح ہے کہ ماضی کے فیصلوں پر پریکٹس اینڈ پروسیجر کا اطلاق نہیں ہوگا تو نواز شریف اور جہانگیر ترین کی سزا معطلی کے معاملے پر ان کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا۔ لیکن جس طریقے سے یہ فیصلہ دیا گیا ہے اس میں ان کے پاس موقع ہوگا کہ نظر ثانی کی اپیل دائر کریں اور کہیں کہ ان کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے، اور آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت کہہ سکتے ہیں کہ ناانصافی ہوئی ہے، اگر یہ ریلیف دوسروں کو مل سکتا ہے تو ان کو کیوں نہیں مل سکتا۔ ہو سکتا ہے ان کو اس پوائنٹ پر کچھ ایڈوانٹیج مل جائے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ جو ماضی کے کیسز کا معاملہ ہوتا ہے یہ ہمیشہ متنازع ہوتا ہے، اس پر لوگ ہمیشہ کہتے ہیں کہ اگر اُن پر اطلاق نہیں ہوتا تو ہم پر کیوں گا، تو یہ امتیازی سلوک کی بات ہے اور آئین امتیازی سلوک کی اجازت نہیں دیتا۔شائق عثمانی نے کہا کہ یہ جو فیصلہ آیا ہے اس کے بعد میرے خیال میں آئندہ 184/3 کے کیسز سرے سے ہوں گے ہی نہیں۔ ابھی تک یہ ہورہا تھا کہ چیف جسٹس صاحب اپنی مرضی سے کوئی چیز اٹھا لیتے تھے اور اس پر ایکشن لیتے تھے، تو اب 184/3 کا اطلاق کم سے کم ہوتا جائے گا۔ عام طور سے سیاسی معاملات میں جو 184/3 کی مداخلت ہوتی تھی وہ ختم ہوجائے گی۔ ماہر قانون حافظ احسان کھوکھر نے کہا کہ جب 184(3) کے اختیار کو سیاسی معاملات کے لیے استعمال کرنے کا سلسلہ شروع ہوا تو سپریم کورٹ پر سخت تنقید ہوئی۔ پارلیمنٹ نے قانون سازی کرکے صورت حال کا حل نکالا جس سے عدلیہ کی آزادی متاثر نہیں ہوئی۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پہلے چیف جسٹس ہیں جنہوں نے اپنے اختیار تقسیم کرنا گوارا کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی بالادستی کو تسلیم کیا اور اس کے قانون سازی کے حق کی توثیق کی ہے۔راجہ عامر عباس نے کہا کہ فیصلہ بنیادی طور پر بہت اہم ہے، وکلاء تنظیمیں اپیل کا حق مانگ رہی تھیں، نوازشریف کو اس فیصلے سے کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا، فیصلے کا اطلاق آنے والے فیصلوں پر ہوگا، چیف جسٹس صاحب نے اس کیس میں فل کورٹ بنایا تھا۔ امان یوسفزئی نے کہا کہ فیصلے کے مطابق نوازشریف کو اپیل کا حق نہیں ملے گا، عام آدمی کو اپیل اور ریویو کا حق مل گیا۔ عمران شفیق ایڈووکیٹ نے کہا کہ اب کوئی چیف جسٹس اپنا من پسند بینچ بنا کر ملک کی تقدیر کا فیصلہ نہیں کر سکے گا۔اگر وہ قانون و انصاف کو کُچلنے کی کوشش کرے گا بھی تو ایسے فیصلے کو ایک بڑا بینچ (جس میں پہلے والے بینچ کے ججز شامل نہیں ہوں گے) اپیل کے اختیار کے ذریعے کالعدم کر سکے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے سے سپریم کورٹ اپنے ہی چیف جسٹس کی آمریت سے آزاد ہو گئی ہے۔ چیف جسٹس اپنے ساتھی ججوں کی مشاورت سے کام کرے گا جبکہ سپریم کورٹ ایک ادارے کے طور پر کام کرے گی۔امید ہے کہ اب چیف جسٹس کو بلیک میل کر کے یا اسے ہمنوا بنا کر پوری سپریم کورٹ کو یرغمال بنانے کا دور ختم ہو جائے گا۔ عمران شفیق ایڈووکیٹ کے مطابق ’اب ازخود نوٹس لیتے وقت چیف جسٹس یہ سوچے گا کہ پہلے تین ججوں کا بینچ بنانا ہے، اور پھر بعد میں اس سے بڑا بینچ اپیل بھی سنے گا۔اب وہ بہت ہی بدقسمت ہو گا جس کے خلاف دونوں فورمز (پانچ رکنی ابتدائی بینچ اور پھر لارجر ایپلیٹ بینچ) تقریباً پوری سپریم کورٹ ہی فیصلہ دے دے۔انہوں نے کہا کہ اب سپریم کورٹ کسی فائل کو سالہا سال تک دبا کر نہیں بیٹھے گی بلکہ دو ہفتوں میں کیس کی ابتدائی سماعت ہو سکے گی۔سینئر قانون دان اکرام چوہدری اس حوالے سے کہتے ہیں کہ آج کے فیصلے سے کم از کم قانون سازی کی آڑمیں سیاسی مقصد حاصل کرنے کی کوشش کی گئی تھی اس کو روکا گیا ہے جو کسی بھی عدالت کےفیصلے کے خلاف سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لیے جو دروازہ کھولنے کی کوشش کی جارہی تھی اس کوروکا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ماضی کے فیصلوں پر اپیل کا حق دینے کا اطلاق ہوتا تو ایک پینڈورا باکس کھل جاتا جس جے عدالتوں اور سائلین کو مشکلات ہوتیں۔ قانونی ماہر وقاص ابریز انے کہا کہ ججز کا اختلاف معنی نہیں رکھے گا، دس ججز کی اکثریت نے درخواستوں کو مسترد کیا ہے، ان درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کی جانب سے کو قانون بنایا گیا ہے یہ سپریم کورٹ کی حدود میں مداخلت کے مترادف ہے، پارلیمان ان معاملات پر قانون سازی نہیں کرسکتی۔ لیکن چیف جسٹس نے ہمت کا مظاہرہ کیا اور معاملے کو واضح کیا کہ کل کلاں کو اس پر کوئی ابہام نہ رہے۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹسز کی جانب سے 184/3 کو شتر بے مہار کی طرح استعمال کیا گیا، لیکن اس کو بہت زیادہ سراہا نہیں گیا، چیف جسٹس عمر عطا بندیال اپنی مرضی کی بینچز بناتے تھے، اور یہ کہا جاتا تھا کہ اپنی مرضی کے فیصلے بھی کرواتے تھے۔ یہ ایکٹ بنا بھی نہیں تھا کہ بننے سے پہلے ہی انہوں نے اسے روک دیا۔