بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

انتظامیہ کا تحریک انصاف کو مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پرامن اجتماع کے انعقاد کی اجازت نہ دینا نہایت شرمناک اور قابلِ مذمت ہے،تحریک انصاف

اسلام آباد(ممتازنیوز )پاکستان تحریک انصاف نے دیگر سیاسی جماعتوں کے برعکس پی ٹی آئی کو پر امن عوامی اجتماعات سے روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے تحریک انصاف کو مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پرامن اجتماع کے انعقاد کی اجازت نہ دینا نہایت شرمناک اور قابلِ مذمت ہے،قائد اعظم کے اسرائیل پر اصولی مؤقف کو فراموش کرکے اپنے بیرونی آقاؤں کے خوف سے اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف خاموشی اختیارکرنے والوں کو تاریخ معاف نہیں کرے گی۔
جمعہ کوپاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیاسیل کی جانب سے جاری بیان کےمطابق ترجمان پی ٹی آئی نے کہاکہ مظلوم فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سب سے موثر آواز کی صورت میدان میں آنے والی جماعت کو سیاسی بنیادوں پر انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے،پاکستانی قوم فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت و مظالم پر شدید تکلیف اور کرب سےدوچار ہے،مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں آواز بلند کرنا ہر شہری و جماعت کا آئینی حق ہے جس سے ان کو محروم نہیں کیا جاسکتا۔
ترجمان نے کہاکہ تحریک انصاف کی بجائے عوام میں غیرمقبول سیاسی جماعتوں کو ملک کے کسی بھی مقام پر جلسے و اجتماعات منعقد کرنے کی کھلی آزادی ہے، ملک کی سب سے بڑی جماعت کو مصیبت زدہ مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہونے کی اجازت نہ دینا بےحس حکمرانوں کی بوکھلاہٹ اور خوف کا عکاس ہے، الیکشن کمیشن فوری طور پر متعصبانہ رویہ ترک کر کے تمام سیاسی جماعتوں کو آئین کے مطابق یکساں ماحول فراہم کرتے ہوئے ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے، معزز چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ تحریک انصاف کو پرامن عوامی اجتماعات سے روکنے کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران سے جواب طلب کیا جائے،پاکستانی قوم ہر غیر آئینی وغیر جمہوری حربے کے باوجود ہمیشہ کی طرح مشکل کی اس گھڑی میں اہلِ فلسطین کے ساتھ کھڑی ہے۔