اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ق)کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ مرکزی رہنماجلد گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے۔ گلگت بلتستان کے بلدیاتی انتخابات کی مہم بھر پور طریقے سے چلائیں گے۔ صوبائی اور مقامی قیادت کے ساتھ مل کر پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پارٹی کے سینٹرل سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عضام چوہدری اور گلت بلتستان سے آئے صوبائی صدر دلفراز خان اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری عارف عالم ایڈووکیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر دلفراز خان اور عارف عالم نے ڈاکٹر محمد امجد کو آگاہ کیا کہ گلگت بلتستان کے بلدیاتی انتخابات میں صوبے بھر میں تمام نشستوں پر مسلم لیگی امیدوار سامنے آئیں گے۔ آئندہ بلدیاتی سیٹ اپ میں مسلم لیگی نمائندے موجود ہوں گے۔ اس حوالے سے کام شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے کے پانچ اضلاع میں پارٹی کے دفاتر قائم کر دیئے ہیں۔اور پارٹی کو یونین کونسل کی سطح تک لے کر جائیں گے۔انہوں نے پارٹی کے مرکزی دفتر کے دوبارہ کھلنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر محمد امجد نے جی بی میں پارٹی کے تنظیمی کام پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے قبل مرکزی عہدیدار گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے اور انتخابی مہم میں بھر پور حصہ بھی لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کا پیغام جی بی کے ہر گھر میں پہنچایا جائے گا۔ عضام چوہدری نے کہا کہ وہ ضلعی سطح تک پارٹی کے میڈیا سیلز کو فعال کرنے میں مرکزی قیادت کا بھرپور ساتھ دیں گے۔
مسلم لیگی قیادت جلد گلگت بلتستان کا تنظیمی دورہ کرے گی،ڈاکٹر محمد امجد








