برسبین (مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔ عثمان خواجہ نے بیٹی کی پیدائش کی اطلاع اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے دی ۔ 35 سالہ آسٹریلین ٹیسٹ کرکٹر نے بتایا کہ انہوں نے نومولود کا نام عائلہ فوزیہ مشیل خواجہ رکھا ہے جو 28 اپریل 2022ء کو دنیا میں آئی۔ عثمان خواجہ نے نومولود کی تصویر شیئر کی اور ساتھ یہ بھی لکھا کہ انشاء اللہ ، اللہ آپ کو ایک مضبوط، خود مختار اور محبت کرنے والی مسلمان عورت بننے میں مدد کرے گا۔
میں جانتا ہوں کہ میں یہ یقینی بنانے کی پوری کوشش کروں گا۔یاد رہے کہ عثمان خواجہ اسلام آباد میں پیدا ہوئے تھے اور 1991ء میں آسٹریلیا چلے گئے تھے، ان کی بیوی ریچل میکلیلن نے 2018ء کے آغاز میں اسلام قبول کرکے ان سے شادی کی تھی۔ جولائی 2020ء میں جوڑے کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی، جس کا نام انہوں نے عائشہ رکھا تھا۔