اسلام آباد(وقائع نگار)مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نوازشریف کی مینار پاکستان کے تاریخی مقام پر جلاو طنی کے خاتمے کے بعد کی گئی تقریر کو سیاسی وصحافتی حلقوں نے سیاسی رہنما سے بڑھ کر ایک مدبر تقریر قراردےدیا ہے جس میں نوازشریف نے ماضی میں اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کو بھلا کر ملک اور قوم کی خاطر مستقبل کا ایجنڈا پیش کردیا ہے ،سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق میاں نوازشریف کی تقریر کی تیاری میں ان کی معاونت بہت سے پارٹی رہنمائوں نے کی تاہم کلیدی کردار سینیٹر عرفان صدیقی کا رہا ہے جو نوازشریف کی وطن واپسی سے قبل لندن میں ان سے ملاقات کرنے گئے تھے اور وہیں سے نوازشریف کی واپسی کے دوران ان کے ہمراہ سفر کیا اور تقریر کے نکات کو طیارے میں حتمی شکل دی گئی ،عرفان صدیقی جو کئی سال سے نوازشریف کی تقاریر لکھ رہے ہیں نے چند روز قبل یہ بتا دیا تھا کہ نوازشریف کی تقریر میں پاکستان کے حالات بہتر بنانے ، مہنگائی میں کمی ، خوشحالی کا ایجنڈا ہوگا اور مینار پاکستان تقریر میں یہی باتیں نمایاں طور پر نظر آئیں ۔ تجزیہ نگاروں کے مطابق نوازشریف نے اپنے دور حکومت اور تحریک انصاف کے دور حکومت میں قیمتوں کا موازنہ پیش کیا اور دو بجلی کے بل 2017اور2022کے پڑھ کر سنائے جن میں نمایاں فرق تھا، ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ پی ڈی ایم حکومت میں نہیں بلکہ پی ٹی آئی حکومت میں ہوا۔
نوازشریف کی مینار پاکستان تقریر میں سینیٹرعرفان صدیقی کا اہم کردار








