اسلا م آباد (راشد عباسی )پاکستان میں نومئی کے واقعات کے بعد فوجی عدالتوں کا قیام پہلی بار عمل میں نہیں لایاگیا بلکہ اس حوالے سے ایک طویل تاریخ ہے۔ ملک میں پہلی فوجی عدالت مارچ 1951 میں بنائی گئی جب معروف شاعر فیض احمد فیض کے خلاف راولپنڈی سازش کیس میں مقدمہ چلایاگیاتھا۔1953 میں پہلامارشل لا لگاتوفوجی عدالت بنائی گئی جس نے عبدالستارخان نیازی اور مولانا مودودی کو سزائے موت سنائی تھی ۔ مئی 1953 کو مارشل لا ختم ہوگیاتوان کی سزائے موت بھی کالعدم ہوگئی۔1958 جنرل ایوب خان نے مارشل لا لگا یا اورفوجی عدالتیں بنائیں جنہوں نے نواب نوروزخان اور اکبربگٹی سمیت کئی سیاست دانوں کو سزائیں سنائی۔1969 میں جنرل یحیٰ خان کے مارشل لا میں فوجی عدالتوں نے کئی سیاست دانوں کو سزائیں سنائیں۔اپریل 1977 میں اس وقت کے وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو نے آئین کی دفعہ 245 کے تحت سمری ملٹری کورٹس بنائیں،لاہور اور سندھ ہائی کورٹس نے ان عدالتوں کے خلاف فیصلہ دے دیا۔ 1998 میں اس وقت کے وزیراعظم نوازشریف نے سندھ میں فوجی عدالتیں بنائیں ،سپریم کورٹ نے شیخ لیاقت کیس میں فوجی عدالتوں کے خلاف فیصلہ دیا یا پھر2014 میں 21 ویں آئینی ترمیم کے تحت دو سال کے لیے فوجی عدالتیں بنائی گئیں ان عدالتوں نے جن لوگوں کو سزائیں دیں انہیں پشاورہائیکورٹ کے جسٹس وقار سیٹھ نے 2018 میں کالعدم قراردے دیا۔ پھر 9 مئی 2023 کے واقعات میں ملوث ملزمان کے ٹرائل کے لیے فوجی عدالتیں بنائی گئیں تاہم سپریم کورٹ نے ان عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کوکالعدم قراردے دیا ہے۔
پاکستان میں فوجی عدالتوں کی متنازع تاریخ








