لندن :سابق سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہاہےکہ پاکستان اور برطانیہ کی افواج کے باہمی تعلقات ہمیشہ مثالی رہے اور آج بھی کئی پاکستانی فوجی آفیسرز برطانیہ میں اور برطانوی آفیسرز پاکستان میں عسکری تربیت حاصل کرتے ہیں لیکن یہ بھی سچ ہے کہ برطانیہ کے یورپین یونین سے اخراج کے بعد برطانیہ اور پاکستان کی بحثیت کامن ویلتھ ممبرز اپنے معاشی، سیاسی ، سماجی اور سفارتی تعلقات کو اوربھی وسعت دینے کی بہت گنجائش موجود ہے ۔ وہ برطانیہ کے سابقہ آرمی چیف اور چیف آف ڈیفینس سٹاف لارڈ فیلڈ مارشل گتھری سے لندن میں ایک ایکسکلوسو لنچن میٹنگ میںاظہار خیال کررہے تھے۔ فیلڈ ماشل گتھری جو بکنگھم پیلس میں ملکہ کی ہاوس ہولڈ کیولری کے کمانڈر ان چیف بھی رہے ہیں نے جنرل عبدالقیوم کے خیالات سے مکمل اتفاق کیا اور اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ وہ پاکستان بر طانیہ کے تعلقات کو اور مضبوط کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گا ۔
بین الاقوامی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے جنرل عبدالقیوم نے کہا کہ اس وقت دنیا میں چار نیوکلیر فلیش پوائنٹس ہیں جن میں یوکرین، فلسطین، کشمیر اور تائیوان شامل ہیں ۔ یہ ہمیں تیسری جنگ عظیم کی طرف دھکیل سکتے ہیں جو انسانیت کیلئے تباہ کن ہو گا۔ بینالاقوامی برادری سر جوڑ کر ان مسائل کا پورامن طریقے سے حل نکالے اور اقوام متحدہ کی تنظیم نو کر کے اس کو موثر بنائے۔ لارڈ فیلڈ ماشل گتھری نے بھی گلوبل امن کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر مایوسی کا اظہار کیا اور افسوس سے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کیلئے آج بھی اقوام متحدہ کی بات کوئی نہیں سن رہا۔
پاکستان اور برطانیہ کی افواج کے باہمی تعلقات ہمیشہ مثالی رہے ،لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم








