اسلام آباد(طارق محمود سمیر) سینئر سیاستدان وسابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی نےملک میں مفاہمتی سیاست کو فروغ کے حالات کا تقاضا قراردیتے ہوئے کہاہے کہ سینئرسیاست دان کی حیثیت سے نوازشریف اور مولانا فضل الرحمان کو چاہئے کہ پی ٹی آئی سپورٹرز کو امن اور محبت کا پیغام دینا چاہیے، سیاست میں سب کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ ہونا ضروری ہے،فوج ملکی سلامتی کی ضامن،اسے سیاست میں نہیں گھسیٹنا چاہئے۔
’’روزنامہ ممتاز ‘‘کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں محمد علی درانی نے کہا کہ پاسبان ایک سوشل پولیٹیکل آرگنائزیشن تھی جو مظلوم کےساتھ کھڑی ہوتی تھی ،ایسی صورت میں ہم پاسبان کے پلیٹ فارم سے مظلوم کے لئے آواز بلند کرتے تھے ،جب پاسبان بنا رہے تھے تو ایک اصولی فیصلہ کیا گیا تھا کہ ہم دو کام کبھی نہیں کریں گے، ایک قانون ہاتھ میں نہیں لیں گے اور دوسرا کارسرکار میں مداخلت نہیں کی جائے گی ،مہینوں احتجاج کیا لیکن کبھی ٹائر تک نہیں جلایا۔
انہوں نے کہاکہ 9مئی کے واقعات ہر سیاسی کارکن کےلئے سبق ہیں کہ قانون کبھی اپنے ہاتھ میں نہ لیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم ہر ملزم کو مجرم بنا دیتے ہیں ،ہر طرف ڈھنڈورا پیٹا جاتا ہے کہ یہ چور ہے،حالایہ یہ اختیار عدالت کے پاس ہے کہ وہ ثابت کرے کہ یہ چور ہے یانہیں ،اس بات کا ادراک ہر سیاسی کارکن اور لیڈر کو ہونا چاہیے کہ کسی پر براہ راست الزام سے نہ لگائے جائے ۔
محمد علی درانی نے مفاہمتی ایجنڈے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے تین نکات بنائے ، پاکستان ، جمہوریت اور فوج، ان تینوں کو سیاسی ٹکرائو سے نکالیں ، پاکستان ،جمہوریت اور فوج کو غدار بنانے کےلئے استعمال نہ کریں ،جمہوریت کا تحفظ کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت معاشی بہتری کے حوالے سے فوج کا کلیدی کردار ہے ، فوج نے اس ملک کو بچایا ہوا ہے ، فوج کی وجہ سے ملک آج بھی دشمن سے بچا ہوا ہے ، سیاسی جماعتیں اپنی سیاست کریں ، فوج کو سیاسی ٹکرائو میں نہ گھسیٹاجائے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی نے لاقانونیت کی ہے تو حکومت سخت سے سخت سزا دے ، سیاست میں لیول پلیئنگ فیلڈ دیں ، کسی کو سائیڈ لائن نہ کیا جائے کہ جس سے یہ تاثر جائے کہ عوام کی رائے کو بلڈوز کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور مولانا فضل الرحمان کو آگے بڑھ کر مفاہمت اور صاف شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کےلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔
محمد علی درانی نے کہا کہ نوازشریف اور مولانا فضل الرحمان کو پی ٹی آئی سپورٹرز کو امن اور محبت کا پیغام دینا چاہیے ،سب مل کر پاکستان کی تعمیر کریں ۔
انہوں نے کہا کہ یہ بھی ضروری ہے اگلی حکومت کو پانچ سال مکمل کرنے دییئے جائیں تاکہ وہ معیشت کو بہتر بنانے کےلئے اپنا کردارادا کریں ۔









