بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مسعود خان کا کشمیر کے حوالے سے حکمت عملی کو ازسر نو مرتب اور انفارمیشن ایکوسسٹم بنانے پر زور

واشنگٹن :امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی حالت زار فلسطینیوں سے بھی بدتر ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں موجود حاضر سروس نو لاکھ فوج ان کی مسلسل پہرہ داری کر رہے ہیں۔ قابض فوج آئے روز کشمیریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ قتل و غارت، گرفتاریاں، جنسی تشدد، زمینوں پر قبضہ معمول ہے اور یہ سب دستاویزی ہے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ فلسطینیوں کو اقوام متحدہ میں مبصر کا درجہ حاصل ہے۔ ان کی ایک نیم سفارتی حیثیت ہے۔ فلسطینیوں کے حوالے سے آواز دنیا کے تمام دارالحکومتوں میں اٹھتی سنائی دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی پر نظر رکھتے ہوئے مستقبل کے لئے زمینی حقائق کو تبدیل کرنے کی کوشش جاری رکھنی چاہیے۔سفیر پاکستان نے زور دیا کہ آپ کے پاس اپنا علاقائی اور بین الاقوامی انفارمیشن ایکو سسٹم موجود ہونا ضروری ہے۔ آج سچ جھوٹ بن جاتا ہے اور جھوٹ کو سچ کے طور پر پیش کیا جاتا ہے لہذا، آپ کے پاس حقائق اور اعداد و شمار کا اپنا ڈیٹا، اور سچ کو نشر کرنے کے لیے سہولت اور ذریعہ ہونا چاہیے۔ اس موقع پر صدر پاکستان اور نگراں وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ناروے کے سابق رکن پارلیمنٹ لارس رائز نے زوم کے ذریعے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عالمی رہنماؤں کو صورتحال کی سنگینی کا احساس دلانے اور دیرینہ مسئلے کا مستقل حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔صدر اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ ڈاکٹر محسن انصاری نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ انصاف کے لیے آواز بلند کرنے میں وقت لگ سکتا ہے لیکن آخرکار حق اور انصاف کی ہی فتح ہوتی ہے۔
معروف مصنفہ اور مورخ وکٹوریہ شوفیلڈ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سول سوسائٹی کو متحرک کرنے اور مسئلہ کشمیر کے بارے میں بیداری پیدا کرنے پر زور دیا۔
کشمیر کے بارے میں امریکی تجزیہ کار کرنل ویسلے مارٹن نے مقبوضہ علاقے میں خطرناک انسانی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پورے خطے کو شدید خطرات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بھارتی قیادت میں تشدد کی لہر جاری رہے گی۔
ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ کشمیری عوام کو وجودی خطرے اور نسل کشی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت خطے کی ڈیموگرافی کو تبدیل کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے امریکہ سے کشمیر میں مداخلت کا مطالبہ بھی کیا۔
کشمیر کمپین گلوبل کے چیئرمین ظفر قریشی اور جارج واشنگٹن یونیورسٹی کے ڈاکٹر امتیاز خان نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور کشمیر کی صورتحال پر روشنی ڈالی۔
کشمیری رہنما جناب مزمل ایوب ٹھاکر اور صدر آزاد جموں و کشمیر کے مشیر سردار ظریف خان نے اپنے ریمارکس میں کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دینے کے مطالبے کا اعادہ کیا۔
شرکاء نے یوم سیاہ منانے اور کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پر سفیر پاکستان مسعود خان اور سفارت خانہ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اور زمینی صورتحال کو اجاگر کرنے کے حوالے سے فوٹو گرافی کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔