بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نیب ترامیم ،پانچ رکنی بینچ کی تشکیل ،اہم فیصلہ،پارلیمنٹ کی بالادستی پھرتسلیم کیے جانے کاامکان

اسلام آباد(طارق محمود سمیر)سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کالعدم قراردینے کے فیصلے کو چیلنج کرنے پر سماعت کیلئے پانچ رکنی بینچ تشکیل دیدیا ہے اور آئندہ ہفتے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ اس اہم کیس کی سماعت کرے گا ،سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے اپنی ریٹائرمنٹ سے چند روز قبل پارلیمنٹ سے نیب ایکٹ میں کی گئی ترامیم کو کالعدم قرار دیدیا تھا جس کے بعداہم سیاسی رہنمائوں کے خلاف نیب کی عدالتوں میں مقدمات دوبارہ شروع ہو چکے ہیں ، سپریم کورٹ کے فل کورٹ بینچ کی طرف سے اپیل کا حق دینے کے بعد یہ پہلا کیس ہے جسے انٹراکورٹ اپیل کے طور پر سماعت کیلئے مقرر کیا گیا ہے ،سابق چیف جسٹس جو اپنے کئی فیصلوں اور رویے کی وجہ سے متنازعہ چیف جسٹس کے طور پر ریٹائرڈ ہوئے تھے اور یہ واحد چیف جسٹس تھے جنہیں فل کورٹ ریفرنس بھی نہیں دیا گیا تھا تاہم جب سے قاضی فائز عیسیٰ نے چیف جسٹس کی ذ مہ داریاں سنبھالی ہیں انہوں نے کئی اہم فیصلے کئے ہیں اور پارلیمنٹ کی طرف سے پاس کئے گئے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے ازخود نوٹس اور اپیل کا حق دینے کیلئے کی گئی قانون سازی پر جو تاریخ ساز فیصلہ دیا ہے اس کے تحت وفاقی حکومت نے نیب ترامیم کالعدم قراردینے کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا جس پر چیف جسٹس نے پانچ رکنی بینچ تشکیل دیا ہے ، اس بینچ میں جسٹس اطہر من اللہ ، جسٹس جمال خان مندوخیل ، جسٹس امین الدین ،جسٹس حسن اظہر حسن شامل ہیں جبکہ چیف جسٹس خود اس بینچ کی سربراہی کر رہے ہیں ، آئندہ ہفتے سماعت کے دوران یہ اندازہ ہوجائیگا کہ یہ بینچ کیا فیصلہ کرے گا، اگر پارلیمنٹ کی قانون سازی کو درست قراردے دیا گیا تو اس کی روشنی میں نیب نے جو مقدمات اہم سیاسی رہنمائوں کے احتساب عدالتوں میں بھیجے ہیں وہ ازخود ختم ہوجائیں گے ،علاوہ ازیں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے درمیان بیان بازی کا سلسلہ جاری ہے ،اسحاق ڈار ن لیگ اور پیپلزپارٹی کشیدگی کو کم کرانے کیلئے سرگرم ہیں اور اس سلسلے میں وہ جلد پیپلزپارٹی کے اہم رہنمائوں سے ملاقات کریں گے جس کے بعد آصف زرداری اور نوازشریف کی ملاقات کرائی جائے گی ، پیپلزپارٹی بار بار نوازشریف پر لاڈلہ اور ریلیف لینے کا ماہر ہونے کے بعد طنزیہ بیانات دے رہی ہے حالانکہ دیکھا جائے تو پیپلزپارٹی خود بھی مختلف مواقع پر ہمیشہ ریلیف لیتی رہی ہے ، 2007میں پرویز مشرف کے ساتھ جو این آر او کیا گیا تھا وہ بھی تاریخ کا حصہ ہے اور یہ این آر او کرائے میں امریکی کردار بھی موجود تھا اور اسی این آر او کے نتیجے میں مقدمات ختم ہوئے تھے جبکہ 2018میں جب ن لیگ پر کڑا وقت آیا تو پیپلزپارٹی سابق اسٹیبلشمنٹ کیساتھ کھڑی تھی ، بلوچستان میں ن لیگ کی حکومت ختم کرانے کا کریڈٹ آصف زرداری لیتے رہے ،صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ بنوایا ، پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو اپنا منہ بولا بیٹا کہا کرتے تھے اور اب وہی صادق سنجرانی پیپلزپارٹی کیلئے قابل قبول نہیں رہا اور محسن نقوی سے بھی آصف زرداری ناراض ہیں ،صادق سنجرانی اور محسن نقوی ن لیگ سے زیادہ کن لوگوں کیقریب ہیں اور کن کی بات سنتے ہیں یہ آصف زرداری کو بخوبی پتہ ہے اور آصف زرداری اور بلاول بھٹو ان لوگوں کے بارے میں تو کوئی بات نہیں کرتے ن لیگ اور نوازشریف پر تنقید کر کے انہیں پیغام دیتے ہیں ، جہاں تک خورشید شاہ کا یہ کہنا کہ پی ڈی ایم حکومت نے پیپلزپارٹی کا شامل ہونا غلط فیصلہ تھا اور ہم اس پر شرمندہ ہیں اور معافی مانگتے ہیں،خورشید شاہ ایک قابل احترام سینئر سیاستدان ہیں اور پیپلزپارٹی کے علاوہ ن لیگ میں انہیں عزت واحترام سے دیکھا جاتا ہے ، کچھ عرصے سے خورشیدشاہ نہ جانے کیوں ن لیگ کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ،خورشید شاہ کو چاہیے تھا کہ اگر انہیں پی ڈی ایم حکومت میں اپنی پارٹی کی شمولیت پر اعتراض تھا تو وزارت نہ لیتے اور اپنی رائے دے کر خاموش ہوجاتے ،16ماہ وزارت بھی لی اور اب کہہ رہے ہیں کہ شہبازشریف بھی صحیح نہیں ہے اور نوازشریف ریلیف لے رہا ہے ۔تحریک انصاف کے رہنما وسابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کو میڈیا میں غلط رنگ دینے کا شکوہ کیا ہے اور ساتھ ہی یہ بھی کہہ دیا ہے کہ مولانا سے ان کی ملاقات اور مغرب کی نماز پڑھنے کی ویڈیو اور تصاویر جاری کر کے جے یو آئی نے اچھا نہیں کیا، اسد قیصر کو پتہ ہونا چاہیے کہ یہ میڈیا اور سوشل میڈیا کا دور ہے اور جب وہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کر رہے تھیاور نماز پڑھ رہے تھے تو ان کے علم میں تھا کہ یہ ویڈیو بن رہی ہے لگتا ہے ان کی اس ملاقات کا عمران خان نے برا منایا ہے اور بشریٰ بی بی نے کوئی سخت پیغام بجھوایا ہے جس کے بعد اسد قیصر یوٹرن پر مجبور ہوئے ،اگر وہ مولانا سے ملاقات کو خفیہ رکھنا چاہتے تھے تو پھر انہیں مولانا سے پہلے بات کرنی چاہیے تھی کہ اس ملاقات کی کوئی فوٹیج نہ بنائی جائے اور نہ یہ جاری کی جائے ، دوسری جانب علی محمد خان اور بیرسٹر سیف اس ملاقات کو خوش آئند قرار دے رہے ہیں اور یہ کہہ رہے ہیں کہ لیول پلیئنگ فیلڈ اور آئندہ شفاف انتخابات کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے ، اب یہ معاملہ تحریک انصاف کے آپس کا ہی ہے کہ وہ مولانا سے ملنے کیوں گئے اور مل کر آئے تو پھر وضاحتیں کیوں دینا پڑرہی ہیں ۔
تجزیہ