اسلام آباد(اصغر چوہدری)پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کی انتخابات سے قبل ملک میں انتخابی ماحول پراگندہ کرنے اور سنگین نوعیّت کی ناہمواریاں پیدا کرنے کی ریاستی کوششوں پر شدید تحفّظات کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے ”بلّے“ کے انتخابی نشان کے حوالے سے 3 اگست 2023 کے زبانی اعلان کے بعد مفصّل تحریری فیصلے کے بلاتاخیر اجراءکا مطالبہ کردیا ۔جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف وفاقِ پاکستان کی معتبر ترین نمائندہ سیاسی قوت اور ”بلّے“ کا انتخابی نشان عوامی امنگوں کی مستند علامت ہے،الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے زبانی اعلان کے 87 روز بعد بھی ”بلّے“ کے انتخابی نشان پر تحریری فیصلے کے اجرا سے گریز عوام میں سنگین نوعیّت کے خدشات اور تحفظات کا باعث بن رہا ہے،تکنیکی موشگافیوں کی آڑ میں ”بلّے“ کے نشان کو بیلٹ پیپر سے ہٹانے یا تحریک انصاف کو اس سے محروم کرنے کی کوشش جمہور کے ووٹ کے حق، انتخاب کی شفافیّت اور جمہوریت کیخلاف ایک گھناونی سازش ہوگی جسے قوم کسی طور قبول نہیں کرے گی،پاکستان کو درپیش کثیرالجہتی بحرانوں کا حل شفافیّت، ساکھ اور تمام سیاسی جماعتوں کیلئے حصہ لینے کے مساوی اور یکساں مواقع کے حامل انتخابات میں پوشیدہ ہے،تحریک انصاف کو انتخاب سے باہر کرنے یا غیرآئینی، غیرقانونی اور غیرجمہوری طور پر اسے اس کے انتخابی نشان ”بلّے“ سے محروم کئے جانے سے انتخاب کی ساکھ اور حیثیت خاک میں مل جائے گی،تحریک انصاف کو ”بلّے“ کے انتخابی نشان سے محروم کرنے کی کوشش کی گئی تو قوم کے ساتھ مل کر آئینی، قانونی، سیاسی اور جمہوری طور پر شدید مزاحمت کریں گے،پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں جبری طور پر لاپتہ کئے گئے افراد کی بازیابی کیلئے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کے دھرنے کی مکمل حمایت کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائدین اور کارکنان ریاست کی جانب سے جبری طور پر لاپتہ کئے جانے کے بدترین سلسلے کی زد میں ہیں،دستور کے تابع کسی بھی جمہوری ملک میں ریاست کو یہ حق حاصل نہیں کہ شہریوں کو ماورائے قانون اقدامات کا نشانہ بنائے یا سیاسی اہداف کے حصول کیلئے انہیں جبراً اغوائ و لاپتہ کرے،تحریک انصاف ملک کے تمام حصوں سے جبری طور پر لاپتہ کئے گئے پاکستانیوں کی فوری بازیابی اور قانون کی حکمرانی کو ریاستی اندازِ کار کی بنیاد بنانے کا مطالبہ کرتی ہے،کورکمیٹی کی جانب سے ضمانتوں کی منظوری کے باوجود تحریک انصاف کے بےگناہ کارکنان کو قید میں رکھنے یا مزید جھوٹے مقدمات میں گرفتار کرنے کا جاری سلسلہ قانون اور نظامِ عدل سے سنگین مذاق قرار دیا گیا ہے ،جیلوں میں قید بےگناہ کارکنان کے بنیادی دستوری حقوق کے تحفّظ اور ان کی قید سے فوری رہائی کیلئے ہر سطح کی عدالتوں سے فعّال کردار ادا کرنے کی استدعا کی گی ،مکمل بےگناہی کے باوجود نہایت ہمّت، بہادری اور استقامت سے اندھے ریاستی تشدد اور انتقام کا نشانہ بننے والے وفاشعار اور باہمّت مرد و خواتین کارکنان کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں،ملک و قوم کے ان بہادر بیٹے بیٹیوں کا حوصلہ حقیقی آزادی کی تحریک کی روح اور پاکستان سے ظلم و جبر کی تاریک رات کے خاتمے کا عنوان ہیں،بدترین فسطائیّت، جبر اور لاقانونیّت کا نہایت جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے ملک بھر میں پہلے توہینِ کلامِ پاک اور پھرمظلوم اہلِ فلسطین پر اسرائیل کے انسانیّت سوز مظالم سمیت تمام اہم معاملات پر پرامن احتجاج/مظاہرے/ریلیاں منعقد کرنے والے نوجوان بھی خصوصی خراجِ تحسین کے مستحق ہیں،ہزاروں ساتھیوں کی جیلوں میں ناروا قید کے باوجود جمہوریت، آئین و قانون کے احترام اور حقیقی آزادی کیلئے پرامن انداز میں باہر نکلنے اور سیاسی جدوجہد کو آگے بڑھانے پر خصوصاً انصاف یوتھ ونگ کے نوجوان مبارکباد کے مستحق ہیں،کورکمیٹی کی جانب سے مظلوم اہلِ فلسطین کے حقوق کے تحفظ، اسرائیلی وحشت کی فوری روک تھام اور مسئلے کے مستقل حل کیلئے اہلِ عالم خصوصاً عالمی طاقتوں سے بلاتاخیر کردار ادا کرنے کے مو¿قف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عالمی طاقتوں کی آشیرباد سے ہندوستان اور اسرائیل جیسی قابض ریاستوں کی مظلوموں کیخلاف انسانیت سوز جارحیّت اور بے انصافیاں نظمِ عالم، عالمی امن اور بنی نوع انسان کے مجموعی مفادات کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا رہی ہیں،عالمی طاقتیں اپنے گھٹیا اہداف ایک جانب رکھتے ہوئے عدل و انصاف کو اپنی فیصلہ سازی کی بنیاد بنائیں اور عالمی دہشت گرد ریاست اسرائیل کو عالمی قوانین کے تابع کرنے کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔
الیکشن کمیشن ”بلّے“ کے انتخابی نشان کے حوالے سے مفصّل تحریری فیصلہ بلاتاخیرجاری کرے،پی ٹی آئی








