اسلام آباد (ممتازنیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی منشور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاہے کہ کسی فرد کے احتساب کو اپنے منشور کا حصہ نہیں بنائیں گے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہاکہ مسلم لیگ ن کے آئندہ انتخابات کے منشور پر کام ہو رہا ہے، بنیادی طور پر منشور میں عوام کے مسائل کا حل دیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ بے روزگاری، غربت، مہنگائی اور دیگر مسائل کا حل ہماری ترجیح ہے، نواز شریف نے سب سے ذیادہ ترجیح عدالتی اصلاحات کو دینے کی ہدایت کی، لوگوں کی زندگیاں تباہ ہوتی ہیں مگر انصاف نہیں ملتا۔
عرفان صدیقی نے کہاکہ منشور میں زیر التوا مقدمات سے چھٹکارے، فوری اور معیاری انصاف پر بات ہو گی، ماہرین قانون سے ملے ہیں، کل سے چیمبرز سے بھی ملوں گا، صحافیوں، صنعتکاروں سے ملاقاتیں ہوں گی، نواز شریف چاہتے ہیں منشور میں قابل عمل نعروں پر بات ہو، منشور میں وہ چیزیں ہوں گی جو عملی طور پر ممکن ہیں۔
سابق عسکری قیادت کے احتساب پر نواز شریف کے بیان پر صحافی کا سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ افراد پر بات نہیں ہو گی، ہم اصولی بات کریں گے، احتساب کے نعرے کا استحصال کیا گیا، کسی فرد کے احتساب کو اپنے منشور کا حصہ نہیں بنائیں گے۔
سابق صدر آصف زرداری کے نواز شریف مخالف بیان پر صحافی کے سوال پر انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فیصلے زرداری صاحب سے پوچھ کر کرنا ہیں تو ٹھیک ہے، پکڑ دھکڑ کا سلسلہ چیئرمین پی ٹی آئی نے شروع کیا انہی کے ساتھ ختم ہو گیا۔
کسی فرد کے احتساب کو اپنے منشور کا حصہ نہیں بنائیں گے، سینیٹر عرفان صدیقی








