بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 فی میل رکشہ پروجیکٹ : 35 خواتین کو رکشہ چلانے کی تربیت دی گئی

  لاہور(ممتازنیوز) لاہوریونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز(لمز)اور سٹی ٹریفک پولیس لاہورکے اشتراک سے ’’فی میل رکشہ پروجیکٹ‘‘ کے تحت خواتین کو رکشہ چلانے کی تربیت فراہم کی جارہی ہے ۔ اس منصوبے کو آکسفورڈ یونیورسٹی اوراین آرایس پی ،اخوت اورآرسی ڈی پر سمیت سرکردہ مائیکرو فنانس اداروں کا تعاون حاصل ہے۔ منصوبے کے لیے میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (MIT) میں عبدالجمیل پاورٹی ایکشن لیب کے جی ای اے اقدام کے ذریعے مالی اعانت فراہم کی گئی ۔ منصوبے کے تحت سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے 35 خواتین کو تربیت دی ۔ سی ٹی او لاہور کیپٹن مستنصر فیروز نے خواتین کو ٹریفک قوانین، قوانین اور ڈرائیونگ کی مہارتوں سے روشناس کرانے کے لیے 4 خواتین افسران پر مشتمل ٹیم تعینات کی ۔اسی طرح  ٹریفک پولیس نے تربیتی پروگرام سے مستفید ہونے والی خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں بھی سہولت فراہم کی۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد خواتین کے لیے آمدنی پیدا کرنے کے مواقع پیداکرنااور محفوظ نقل و حمل یقینی بنانا ہے۔ یہ منصوبہ خواتین رکشہ ڈرائیوروں کے لیے مالی شمولیت کو فروغ دیتا ہے اور ان کی سماجی اور معاشی بہبود میں اہم کردار داد ہے۔ یہ شراکت داری پاکستان کی افرادی قوت میں مثبت تبدیلی لانے کی کوشش اور پائیدار ترقی کے اہداف 2023 سے ہم آہنگ ہے۔لمزکے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر کاشف زیڈ ملک نے کہاکہ ‘فی میل رکشہ پروجیکٹ خواتین کے لیے معاشی خودمختیاری، مالی آزادی اور محفوظ نقل و حرکت سمیت بہت سے فوائد کاحامل ہے، اس سے خواتین رکشہ ڈرائیورزنہ صرف خواتین کے لیے نقل و حمل کو محفوظ بنائیں گی بلکہ دوسروں کے لیے متاثر کن رول ماڈل کے طور پر کام کریں گی۔انہوں نے کہاکہ یہ پروجیکٹ ثقافتی تبدیلیوں ، افرادی قوت اور عوامی مقامات پر خواتین کی شرکت کے حوالے سے بھی معاون ثابت ہوگا۔ اس موقع سی ٹی او لاہور نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئی جی پی ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ٹریفک پولیس تمام خواتین رکشہ ڈرائیوروں کو مفت تربیت فراہم کرتے ہوئے اس انقلابی کاوش کا مستقل حصہ بنے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہم خواتین کو بااختیار بنانے اور معاشرے کے کمزور طبقوں کی مدد کے لیے جو ممکن ہوا کریں گے ۔