مالاکنڈ(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے چیئرمین پرویز خٹک نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ملک و قوم میں انتشار چاہتا ہے۔
مالا کنڈ : پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے چیئرمین پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی تمام ملکی پارٹیوں اور لیڈروں سے نفرت کرتے تھے۔
مالاکنڈ میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا نیا پاکستان ٹوپی ڈرامہ تھا، ان کا ساتھ نظام بدلنے کیلئے دیا مگر تمام نعرے جھوٹے تھے۔
پرویز خٹک نے اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس انسان کی قدر نہیں وہ مغرور شخص ہے، وہ محض تقاریر اور نعروں پر یقین رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اپنے علاوہ کسی کو نہیں مانتے، چیئرمین پی ٹی آئی ڈکٹیٹر ہے، وہ ملک میں صدارتی نظام لانا چاہتے ہیں۔
پرویز خٹک نے کہا کہ ہم کسی پارٹی کے پیچھے نہیں گئے ہمت سے پارٹی بنائی، کوئی پارٹی انتخابی منشور پر عمل نہیں کرتی، پی ٹی آئی بتائے 4 سال میں کتنی ترقی آئی ہے؟ کہیں پر بھی انصاف نہیں، ہم عوام کو حقوق ان کی دہلیز پر دینا چاہتے ہیں۔
پرویز خٹک نے کہا کہ پوری دنیا نے ترقی کی مگر نااہل قیادت نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا، قومی مجرموں نے ملک کے بچے بچے کو مقروض کر دیا ہے، گیس، بجلی اور پیٹرول مہنگا کرنا عوام دشمنی کے مترادف ہے۔
31 اکتوبر کو چترال میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا فوج کے ساتھ محاذ کھولنا غلط تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ فوج کی وجہ سے ملک ہمارا مضبوط ہے، افواج پاکستان نے ملک کیلیے بہت قربانیاں دی ہیں، پی ٹی آئی اس لیے چھوڑی کہ نیا پاکستان کا نعرہ جھوٹا نکلا، چیئرمین پی ٹی آئی نے قرضے پر قرضہ لے کر ملک کی معیشت کو ڈبو دیا۔
پرویز خٹک نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ہمارے صوبے کو حقوق سے محروم رکھا، لوگ جوق در جوق ہماری جماعت میں شامل ہو رہے ہیں۔
نیا پاکستان ٹوپی ڈرامہ تھا، عمران خان ڈکٹیٹر ، صدارتی نظام لانا چاہتے ہیں : پرویز خٹک








