اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں انہوں نے تعلیمی اداروں میں نشے کے کاروبار کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروش پاکستان کے مستقبل کی تباہی کے درپے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بتایا کہ آج وزارت داخلہ اسلام آباد کی انتظامیہ اور آئی جی سے میٹنگ ہوئی، تعلیمی اداروں میں نشے کے کاروبار کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم کر رکھا ہے، وزیر داخلہ ذاتی طور پر نگرانی کریں گے۔
نگراں وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ منشیات فروش ہماری نوجوان نسل اور پاکستان کے مستقبل کی تباہی کے ذمہ دار ہیں، ان سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی!
دوسری جانب وفاقی نگراں وزیرداخلہ سرفرازبگٹی نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے احکامات کے مطابق اسلام آباد پولیس اور چیف کمشنر اسلام آباد کے ساتھ مل کر اسلام آباد کے تمام چھوٹے بڑے تعلیمی اداروں کی مؤثر نگرانی کی جائے گی اور نشے کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔









