بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نیوزی لینڈ کے ہاتھوں سری لنکا کو شکست: پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کے لیے اب کیاکرناہوگا؟

بنگلورو:ورلڈ کپ کے اہم میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات انتہائی روشن کرلیے جب کہ کیویز کی فتح کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی تقریباً ناممکن ہوگئی۔ پاکستان کو اب ورلڈکپ کا سیمی فائنل کھیلنے کیلئے انگلینڈ کو 288 رنز سے ہرانایاپھر 4 اوورز میں ہدف حاصل کرنا ہوگا۔
نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان اہم میچ بنگلورو میں کھیلا گیا جہاں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
سری لنکن ٹیم 46.4 اوورز میں 171 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، کوشل پریرا 51 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔
اس کے علاوہ دھننجایا ڈی سلوا 19اور انجیلو میتھیوز نے 16 رنز بنائے جبکہ اسالنکا 8 ، چامیکا کارونارتنے اور کوشل مینڈس نے 6 ،6 رنز اسکور کیے۔
پاتھم نسانکا 2 ، دشمنتھا چمیرا اور سدیرا سمارا وکرما ایک ایک رن بناسکے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 37 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، لوکی فیرگوسن،مچل سینٹنر اور راچن رویندرا نے2 ،2وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹم ساؤتھی نے ایک وکٹ لی۔
سری لنکا کا 172 رنز کا ہدف نیوزی لینڈ نے باآسانی 23.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرلیا۔
ڈیون کونوے 45 ، ڈیرل مچل43 ، رچن رویندرا 42 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کپتان کین ولیمسن 14اور مارک چیپمین 4 رنز بناسکے۔
گلین فلپس 17 اور ٹام لیتھم 2 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
نیوزی لینڈ کی اپنے آخری گروپ میچ میں سری لنکا کے خلاف جیت کے بعد کیویز کا سیمی فائنل میں پہنچنا انتہائی آسان ہوگیا جب کہ پاکستان کو اب سیمی فائنل میں رسائی کے لیے انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی صورت میں 288 رنز سے ہرانا اور دوسری بیٹنگ کی صورت میں چار اوورز میں ہدف حاصل کرنا ہوگا۔