کلکتہ (سپورٹس ڈیسک) مشکل حساب کتاب کے باعث پاکستان کے سیمی فائنل میں جانے کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔ بظاہر نیوزی لینڈ نے پانچویں جیت اور بہتر رن ریٹ کے ساتھ سیمی فائنل میں قدم رکھ دیا ہے ۔ انگلینڈ کے خلاف ہفتے کو پاکستان نے میچ جیتنے کے ساتھ ناممکن کو ممکن بنانا ہے اس کو نیٹ رن ریٹ میں نیوزی لینڈ کے برابر آنے کے لئےشدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اگر پاکستان پہلے بیٹنگ کرتا ہے تو اسے انگلینڈ کو13رنز پر آؤٹ کرکے میچ 287رنز سے جیتنا ہے ۔ اگر انگلینڈ پہلے بیٹنگ کرے تو اس کو 50 رنز پر محدود کر کے 2.5 اوورز میں رنزبنانے ہوں گے۔پاکستانی ٹیم مسلسل تیسرے ورلڈ کپ میں سیمی فائنل تک رسائی میں مشکلات سے دوچار ہوئی ہے۔ 2015 میں پاکستانی ٹیم آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں آسٹریلیا سے ہار کر سیمی فائنل کیلئے کوالی فائی نہ کرسکی۔2019 میں سرفراز احمد کی کپتانی میں پاکستان کو آخری میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف چار سو رنز بنانا تھے۔ لیکن پاکستان سیمی فائنل کے لئے کوالی فائی نہ کرسکا۔ پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 8 میچوں میں16 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے اسے آخری لیگ میچ اتوار کو نیدر لینڈ کے خلاف کھیلنا ہوگا۔ جنوبی افریقا اور آسٹریلیا نے8،8میچ کھیلے ہیں دونوں چھ فتوحات کے ساتھ سیمی فائنل میں ہیں۔ نیوزی لینڈ نے9 میچ کھیل لئے ہیں اس نے دس پوائنٹس حاصل کر لئے ہیں۔پاکستان اور افغانستان نے8،8میچ کھیلے ہیں دونوں نے چار چار میچ جیتے اور چار چار میں اسے شکست ہوئی ہے۔افغانستان جمعے کو اپنا آخری میچ جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے گی۔
پاکستان کیلئے ورلڈ کپ سیمی فائنل کھیلنے کی امید تقریباً ختم








