اسلام آباد(ممتازنیوز )نگران وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور گلیشیئرز کے تحفظ کے لیے فوری عالمی اقدامات کی ضرورت ہے۔
جمعہ کو فرانس میں پاکستان کے سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرس میں ”ون پلینیٹ ۔پولر سمٹ“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے شرکاکی توجہ ”تھرڈ پول“ کی طرف مبذول کرائی جو ہمالیہ، قراقرم اور ہندوکش خطے پر مشتمل ہے اور قطبی خطے سے باہر زمین پر سب سے زیادہ سائروسفیرک ذخائر رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمالیہ، قراقرم اور ہندوکش کی حدود میں 7ہزار سے زیادہ گلیشیئرز موجود ہیں جو تقریباً 15 ہزار مربع کلومیٹر کے رقبے پر محیط ہیں۔ مدد علی سندھی نے کہا کہ یہ خطہ خاص طور پر ماحولیاتی تبدیلیوں کا شکار ہے جبکہ”تھرڈ پول“ دنیا کا سب سے بڑا ذخیرہ ہے اور یہ تقریباً 2 ارب افراد کو میٹھے پانی کی فراہمی کے لیے اہم ہے۔ نگران وفاقی نے کہا کہ ماحولیاتی نظام، حیاتیاتی تنوع، غذائی تحفظ سب خطرے میں ہیں، ہمارے برفانی تودے اور برفانی جھیل کے پھٹنے کا خطرہ کئی گنا بڑھ گیا ہے۔
انہوں نے 2022 میں شیشپر گلیشیئر کے واقعے کا حوالہ دیا جس کے نتیجے میں پاکستان میں تباہ کن سیلاب آیا۔ مدد علی سندھی نے کہا کہ پاکستان قطبی خطوں کو متاثر کرنے والے اہم مسائل اور ان اہم گلیشیئرز پر ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے، ہمیں مضبوط تحقیق، پائیدار پالیسیوں اور ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے فعال اقدامات کے ذریعے مل کر کام کرنا چاہیے۔
نگران وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ تعاون کے لیے کوشاں ہے تاکہ پالیسی کی تشکیل، بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے اور قطبی اور دنیا کے برفانی خطوں کے تحفظ کے لیے عالمی شمولیت کو بڑھانے میں اپنے فعال کردار کا اعادہ کیا جائے۔
”ون پلینیٹ ۔پولر سمٹ“ 8 نومبر کو شروع ہوا، یہ پہلی بین الاقوامی سربراہی کانفرنس ہے جو گلیشیئرز اور قطبوں کے لیے وقف ہے، جس کا مقصد کرائیوسفیئر اور برفانی اور قطبی حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔ بین الاقوامی سائنسی برادری کے اہم نمائندوں کے ساتھ سیاسی رہنما اور آرکٹک، انٹارکٹک اور شدید سرد ممالک کے نمائندے پیرس میں 3 روزہ سربراہی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔









