احمدآباد:آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 42 ویں میچ میں جنوبی افریقا نے افغانستان نے 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
افغانستان کی جانب سے دیے گئے 245 رنز کا ہدف جنوبی افریقا نے 48ویں اوورز میں 5 وکٹوں نقصان پر پورا کرلیا۔
بھارتی شہر احمد آباد میں کھیلے جارہے میچ میں افغانستان نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغان ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 244 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔
افغانستان کی جانب سے اوپنر رحمان اللہ گرباز اور ابراہم زدران نے اننگز کا آغاز کیا تاہم دونوں اوپنر زیادہ دیر تک کریز پر ٹک نہ سکے اور 41 کے مجموعی اسکور پر اوپنز پویلین لوٹ گئے۔
رحمان اللہ گرباز 22 گیندوں پر 25 رنز بنا کر مہاراج کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ ابراہیم زدران کو جیرالڈ کوئٹزی نے آؤٹ کیا، انہوں نے 30 گیندوں پر 15 رنز بنائے۔
افغانستان کا اسکور 45 تک پہنچا تو کپتان حشمت اللہ شاہدی بھی 7 گیندوں پر 2 رنز بنا کر مہاراج کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد رحمت شاہ اور عظمت اللہ عمر زئی کے درمیان چوتھی وکٹ پر 49 رنز کی شراکت بنی اور ٹیم کا اسکور 94 تک پہنچا تو رحمت شاہ 46 گیندوں پر 26 رنز بنا کر لونگی نگیڈی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
افغانستان کو پانچواں نقصان 112 رنز پر اٹھانا پڑا، وکٹ کیپر بلے باز اکرام علی خیل محض 14 گیندوں پر 12 رنز بنا کر جیرالڈ کوئٹزی کا شکار بن گئے۔
افغانستان کی چھٹی وکٹ 116 رنز پر گری، محمد نبی 3 گیندوں پر 2 رنز بناکر لونگی نگیڈی نے آؤٹ کیا۔
ساتوں وکٹ پر راشد خان اور عظمت اللہ عمر زئی کے درمیان 44 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی تو 160 کے مجموعی اسکور پر راشد خان بھی 30 گیندوں پر صرف 14 رنز بنا کر فیہلوکوایو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ایک طرف وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تو دوسری طرف عظمت اللہ عمر زئی وکٹ پر ڈٹے رہے، پہلے راشد خان اور پھر نور احمد کے ساتھ مل کر ٹیم کے اسکور پر اضافہ کیا۔
افغانستان کو آٹھواں نقصان نور احمد کی صورت میں اٹھانا پڑا، ٹیم کا اسکور 204 تک پہنچا تو نور احمد 32 گیندوں پر 26 رنز بناکر جیرالڈ کوئٹزی کا شکار بن گئے۔
اس کے بعد 226 کے اسکور پر نویں آؤٹ ہونے والے مجیب الرحمان تھے وہ 8 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، انہیں بھی جیرالڈ کوئٹزی نے آؤٹ کیا۔
افغانستان کی آخری وکٹ 244 رنز کے اسکور پر گری، نوین الحق صرف 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمر زئی نے 107 گیندوں پر 97 رنز کی اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، ان کی یہ میگا ایونٹ میں تیسری ففٹی ہے۔
جنوبی افریقا نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی








