اسلام آباد(نیوزڈیسک)نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پچھلے دو اڑھائی ماہ کے دوران بھی صدر مملکت کی طرف سے اس طرح کے بیانات سامنے آ رہے ہیں، صدر صاحب آئینی معاملات پر ٹویٹ بھی کر رہے ہیں اور ٹی وی پروگرام بھی، صدر مملکت ان امور پر خاصے سرگرم ہیں جن کے لئے وہ آئین اور قانون کا سہارا لے رہے ہیں،پی ٹی آئی ایک بڑی رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، اس کے اپنے ترجمان موجود ہیں۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ صدر مملکت کو ایک ایسی سیاسی جماعت کے ترجمان کا کردار ادا نہیں کرنا چاہئے، جب پی ٹی آئی کی حکومت تھی اس وقت انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی تھیں، اظہار رائے پر پابندی تھی، صحافیوں کو اغواء کیا گیا، مخالفین کو جھوٹے مقدمات میں قید کیا گیا، ان پر نیب اور ڈرگز کے مقدمات قائم کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ایک منتخب صدر نے غیر آئینی طور پر قومی اسمبلی تحلیل کی، صدر مملکت کو اپنا آئینی کردار ادا کرنا چاہئے، ہمارا کوئی ذاتی موقف نہیں، میں نگراں حکومت کی ترجمانی کر رہا ہوں، پاکستان کے آئین اور قانون کے مطابق صدر مملکت کیا ایکشن لے سکتے ہیں؟،
انہوں نے کہا کہ جب صحافی اغواء ہوئے، سیاسی مخالفین کو بند کیا گیا، صحافیوں پر تشدد ہوا، اس وقت صدر کو آئین کے آرٹیکل نظر نہیں آئے؟، اس وقت صدر صاحب نے حکومت کو کتنے خط لکھے تھے؟، پی ٹی آئی اہم رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، ان کے ترجمان موجود ہیں، ان کو جو بھی شکایت ہے اس کے لئے ان کے پاس راستے موجود ہیں، صدر صاحب اس طرح کے بیانات دے کر اپنے مرتبہ اور حیثیت کو خراب کر رہے ہیں، آئین کے تحت صدر صاحب وفاق کی علامت ہوتے ہیں، وہ کسی سیاسی جماعت کی نمائندگی کر کے اپنے عہدے کی توہین کر رہے ہیں، آئین کے تحت صدر صاحب آرمڈ فورسز کے سپریم کمانڈر ہیں۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ 9 مئی کو مسلح افواج پر جس طرح کے حملے کئے گئے، آرمی چیف اور ریاستی عسکری اداروں کے خلاف جس طرح سے مہم چلائی گئی، صدر صاحب نے اس پر کیا ایکشن لیا؟، صدر صاحب نے کتنی چٹھیاں لکھیں؟ صدر صاحب کو جانبدار نہیں ہونا چاہئے، عارف علوی ایسے بیانات دے کر جانبداری ظاہر کر رہے ہیں، صدر عارف علوی اپنے عہدے کی توہین نہ کریں، مشرقی پاکستان کو بنگلہ دیش بنانے میں تاریخی کردار عمر ایوب کے دادا مرحوم کا ہے، میں نے زندگی کے تمام کام سنجیدگی سے کئے ہیں، عمر ایوب مجھے لیکچر نہ دیں، مجھے پتہ ہے کہ ہماری آئینی اور قانونی ذمہ داری کیا ہے، ہماری حکومت کسی ٹرک پر چڑھ کر نہیں آئی، مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، جے یو آئی سمیت کئی پارٹیاں شکایت کر رہی ہیں کہ ہمیں لیول پلینگ فیلڈ نہیں ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ شکایت کرنا ہر ایک کا حق ہے، جہاں لیول پلینگ فیلڈ نہیں مل رہا، اس بارے میں شکایت کرنے کا اختیار حاصل ہے، ملک میں قانون کی حکمرانی ہے، قواعد کے تحت کام کریں گے، جہاں ہمارے لئے شکایت کا ازالہ کرنا ممکن ہے، ہم کریں گے، ملک کے اندر شفاف، آزادانہ، منصفانہ غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے کا ذمہ دار الیکشن کمیشن ہے۔
صدر مملکت کو ایک ایسی سیاسی جماعت کے ترجمان کا کردار ادا نہیں کرنا چاہئے،مرتضیٰ سولنگی








