بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کیس خارج کرنے کی درخواست خارج

اسلام آباد (صغیر چوہدری)اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کیس خارج کرنے کی درخواست خارج کر دی ۔ جسٹس بابر ستار نے ریمارکس میں کہا کہ یہ انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے کا کیس ہے۔ہم نے انصاف پر مبنی فیصلہ کرنے کے لیے فرد جرم عائد کی ۔ یہ کسی کی انا کا مسئلہ نہیں بلکہ عدالتی وقار کا معاملہ ہے۔ملزمان کے وکلا کو کیس کی تیاری کے لیے مہلت دیتے ہوئے کہا آئندہ سماعت 11 دسمبر تک تحریری جواب جمع کرائیں کہ ملزمان ٹرائل کا سامنا کرنا چاہتے یا نہیں؟
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے پی ٹی آئی کے شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی نظربندی کیلئے خلافِ قانون ایم پی او آرڈر پر ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن اور ایس ایس پی آپریشنز جمیل ملک سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ ایس ایس پی آپریشنز کے وکیل شاہ خاور نے توہین عدالت کیس خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ہم معذرت چاہتے ہیں، کیس کا سامنا نہیں کرنا چاہتے ۔ عدالت نے سبق دینا ہوتا ہے کہ آئندہ ایسا نہ ہو، عدالت کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ہم عدالتی معاونت کریں گے۔ جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیے کہ عدالت نے آئین اور قانون کے مطابق چلنا ہوتا ہے اور چلیں گے۔جو کام قانون کے مطابق نہیں ہوگا اسکے نتائج آئیں گے۔عدالتی حکم پر ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن، ایس ایس پی آپریشنز ،ایس پی صدر فاروق بٹر اور متعلقہ ایس ایچ او عدالت میں پیش ہوئے۔ تمام ملزمان پر توہین عدالت کی فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔کیس کی مزید سماعت 11 دسمبر کو ہو گی