مٹھی:پیپلزپارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں آج بھی ملک میں تقسیم کی سیاست چاہتی ہیں تاکہ عوام آپس میں متحد نہ ہو سکیں۔
مٹھی میں عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی تقسیم کی سیاست کرنے والی قوتوں کے خلاف جدوجہد کررہی ہے، ہم پہلے بھی اس کو مسترد کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے عوام کو متحدہ کرنے اور بلا رنگ و نسل خدمت کی سیاست کی۔ انہوں نے کہا کہ انشا اللہ عام انتخابات میں عوامی حکومت بنے گی، ہم اشرافیہ کو نہیں بلکہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کریں گے۔ حکومت میں آنے کے بعد بے نظیر انکم سپورٹ کی طرح ہاری کارڈ بھی بنائیں گے تاکہ کسانوں کو کھاد، بیچ کے حوالے سے مدد فراہم کر سکیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بالخصوص مودی سرکار اور دنیا بھر میں پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنے والوں کو جواب دینے کے لیے تھرپار کے جیالے ہی کافی ہیں، ایسی طاقتوں کو پیپلزپارٹی بہت اچھی طرح سے ہینڈل کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی انتخابی شیڈول کا اعلان نہیں ہوا مگر جس جوش و جذبے سے عوام نے آج کے جلسے میں شرکت کی اُس سے تھرپارکر کا فیصلہ ہوگیا ہے،8 فروری کو انشاء اللہ تھرپار کر سے تیر، پیپلزپارٹی اور عوام کی جیت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ قائد جمہوریت، بی بی شہید نے جو نعرہ’ مانگ رہا ہے ہر انسان روٹی کپڑا اور مکان‘ یہ آج بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا ماضی میں تھا، پاکستان پیپلزپارٹی یہ نعرہ اُس وقت تک لگائے گی جب تک ملک سے غربت، بے روزگاری اور مہنگائی ختم نہیں ہوجائے گی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی کارکردگی تھرپارکر ہے، آئیں پوچھیں کہ یہاں پی پی کی حکومت کے بعد کتنا ترقیاتی کام ہوا، مواصلاتی نظام، ایئرپورٹ، صحت کے نظام سمیت ساری صورت بدل دی، یہاں تھرکول بلاک ٹو کا منصوبہ شروع ہونے سے معیشت بدل گئی جب کہ یہاں کے20 ہزار نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوئے۔
چیئرمین پی پی نے دعویٰ کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا کوئی سیاسی مخالف نہیں، کوئی جماعت بھی ایسی نہیں ہے جس کو مخالف مان سکوں، میری مخالف بے روزگاری، مہنگائی اور غربت ہے، ہم مل کر ان ساری چیزوں سے لڑیں گے اور عوام کو اُن کا حق دیں گے۔









