اسلام آباد(اصغر چوہدریٞ) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں پی آر اے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا۔
وفد کی قیادت پی آر اے کے صدر عثمان خان کر رہے تھے جب کہ وفد میں سیکرٹری نوید اکبر چوہدری، نائب صدر احمد نواز خان، فنانس سیکرٹری اصغر چوہدری اور سیکرٹری اطلاعات جاوید حسین شامل تھے۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ پارلیمان کی بالادستی،جمہوریت کے فروغ میں میڈیا کا کردار فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ پی آر اے پارلیمان کی کارروائی اور معلومات کو شفاف انداز میں عوام تک پہنچا کر پارلیمان اور عوام کو قریب تر لانے میں ایک اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیرجانبدار اور فعال صحافتی برادری کی اہمیت سے ہرگز انکار نہیں کیا جا سکتا خاص طور پر ایسے وقت میں جب دنیا غیر معمولی تغیرات کا شکار ہو رہی ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے پی آر اے کی کارکردگی میں مزید بہتری کے لئے اپنے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پی آر اے کے اراکین پارلیمانی طریقہ کار کے بارے میں جدید ترین مہارتوں اور معلومات سے لیس ہوں۔
انہوں نے کہا کہ باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور مثبت رپورٹنگ کے لیے پارلیمنٹرینز اور سینئر صحافیوں کے ساتھ باقاعدہ ورکشاپس کا انعقاد ہونا چاہیے۔
پی آر اے کے صدر عثمان خان اور دیگر نے چیئرمین سینیٹ اور سینیٹ سیکرٹریٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ایوانوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔
انہوں نے تربیتی ورکشاپس، تنظیم کی ویب سائٹ سمیت پیشہ وارانہ مہارت میں اضافے کے لیے اقدامات پر معاونت کی درخواست کی جس پر چیئرمین سینیٹ نے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
پی آر اے پاکستان اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے درمیان پارلیمانی رپورٹنگ سے متعلق موثر ضابطہ اخلاق تیار کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پی آر اے ایسا ضابطہ اخلاق مرتب کرے جس سے پارلیمان کے تقدس کا بھر پور خیال رکھا جائے۔ پارلیمانی رپورٹنگ بہت اہم شعبہ ہے۔
ملاقات کے دوران سینیٹ سیکرٹریٹ اور پارلیمانی صحافیوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے فروغ کے لئے موثر تربیتی پروگرام تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا گیا اور قانون سازی سمیت پارلیمانی کمیٹیوں کی ورکنگ کے حوالے سے صحافیوں کو تربیت دینے کے حوالے سے بھی معاملات زیر غور لائے گئے تاکہ صحافیوں کی صلاحیتوں اور پیشہ وارانہ سمجھ بوجھ میں اضافہ ہو اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے دورے کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
پی آر اے کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق استوار کرنے کے حوالے سے پی آر اے کی ڈیجٹیلائزیشن اور پی آر اے کے ممبران کی تربیت کے لئے غیر ملکی ڈونرز کی معاونت لینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
محمد صادق سنجرانی نے کہاکہ پی آ ر اے کی ویب سائٹ ڈویلپ کرنے کیلئے بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔اس موقع پر سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان، ڈائریکٹر جنرل کوارڈنیشن میر شے مزار بلوچ، ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی لیفٹنٹ کرنل ریٹائرڈ سید عاصم رضا اور دیگر بھی موجود تھے۔








