بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نئے وارنٹ گرفتاری، عمران کی رہائی کے امکانات معدوم

اسلام آباد(طارق محمود سمیر) نیب نے سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو 190 ملین پائونڈ سکینڈل میں ایک مرتبہ پھر گرفتار کر لیا اور اڈیالہ جیل میں ان کی گرفتاری اس مقدمے میں ڈال دی گئی ہے یہ وہی مقدمہ ہے جس میں عمران خان کو 9مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ ضمانت کی درخواست دینے کے لئے ہائیکورٹ میں داخل ہوئے تو انہیں رینجرز نے گرفتار کر لیا تھا، اس گرفتاری پر ملک بھر میں تحریک انصاف کے حامیوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا، جی ایچ کیو راولپنڈی، کورکمانڈر ہائوس لاہور سمیت دیگر فوجی تنصیبات اور مقامات پر تحریک انصاف کے حامیوں نے حملے کئے جس کے بعد قانون حرکت میں آیا اور پاک فوج نے 9مئی کے واقعات میں ملوث کسی کو بھی معافی دینے سے انکار کر دیا حتیٰ کہ گرفتار ہونے والوں میں ایک سابق آرمی چیف کی نواسی سمیت دیگر اہم شخصیات کے رشتہ دار اور سیاسی رہنما بھی شامل ہیں ۔ اس گرفتاری کے بعد ہونے والے ردعمل نے تحریک انصاف کو بحیثیت جماعت مشکل میں ڈالا اور سیاسی جماعت تتر بتر ہو گئی ، بڑے بڑے رہنمائوں نے نہ صرف سیاست چھوڑ دی بلکہ تحریک انصاف میں سے دو نئی سیاسی جماعتوں نے بھی جنم لیا، ایک جماعت تحریک استحکام پاکستان اور دوسری تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے نام سے وجود میں آچکی ہے ۔عمران خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے بزنس ٹائیکون ملک ریاض سے 190ملین پائونڈ کی ڈیل کے معاملے میں القادر ٹرسٹ کے لئے 460 کینال زمین لینے کی تفتیش اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ۔ بشریٰ بی بی کو نیب نے 12 سوالات دیئے جن میں فرح گوگی سے تعلقات اور اس کی مبینہ کرپشن سے ان کی اور عمران خان کے تعلق کے بارے میں باتیں پوچھی گئیں جبکہ ان سوالوں میں ملک ریاض سے 460 کینال زمین لینے اور فرح گوگی کی طرف سے الگ سے 240 کینال زمین لینے کے حوالے سے بھی سوالات کئے گئے ۔ عمران خان صاحب کی سیاست سے اختلاف تو کیا جاسکتا ہے لیکن ان کے کرپشن کے معاملات میں ملوث ہونے کے حوالے سے ابھی بھی بعض لوگ یہ کہتے ہیں کہ عمران خان کرپٹ نہیں ہیں ، مگر فرح گوگی اور بشریٰ بی بی کے حوالے سے جو معلومات پاکستانی اور انٹر نیشنل میڈیا میں شائع ہوئی ہیں وہ بڑی اہمیت کی حامل ہیں ۔ فرح گوگی کو ایک غیر معروف ملک کا پاسپورٹ جاری کروانا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ فرح گوگی منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں اور پنجاب حکومت میں عثمان بزدار کے دور میں جو کچھ ہوا اس کی تفصیلات سامنے آچکی ہیں ۔ فرح گوگی کے اثاثے 14ارب روپے کے ہو چکے ہیں ، توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو ملوث کروانے میں بھی بشریٰ بی بی اور فرح گوگی کا مرکزی کردار ہے ۔فرح گوگی کے شوہر احسن جمیل گجر اس سے پہلے میڈیا میں آکر اپنی اہلیہ پر لگنے والے الزامات پر وضاحتیں دیتے رہے ہیں لیکن حالیہ دنوں میں جو باتیں سامنے آئی ہیں ان پر احسن جمیل گجر نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور میڈیا میں بیوی کے کرپشن سیکنڈلز کا دفاع کرنے سے گریز کر رہے ہیں جہاں تک نیب کا تعلق ہے اور نیب نے عمران خان کی گرفتاری بھی اڈیالہ جیل میں ڈال دی ہے ، نیب کے مشرف دور کے قانون کے مطابق اب عمران خان کو 90 دن تک نیب کے ریمانڈ میں رہنا پڑے گا کیونکہ پی ڈی ایم حکومت کے دور میں ہونے والی نیب ترامیم کو سابق چیف جسٹس عطاء بندیال نے کالعدم قرار دے دیا تھا اس قانون کے تحت ریمانڈ صرف 30 دن کا ہو سکتا تھا ، آئندہ آنے والے دنوں میں سائفر کیس بھی آگے بڑھ رہا ہے ، خصوصی عدالت تیزی سے سرکاری گواہوں کے بیانات قلمبند کر رہی ہے جبکہ عمران خان وکلاء یہ معاملہ سپریم کورٹ میں لے گئے ہیں، ابھی تک سپریم کورٹ نے اس کیس کو سماعت کے لئے مقرر نہیں کیا۔دوسری جانب برطانیہ کے وزیراعظم نے بھارتی نعاد متنازعہ وزیر داخلہ سویلا ہریورمین کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے ۔فلسطین اور غزہ پر اسرائیلی حملوں میں ہونے والے مظالم کے خلاف برطانیہ میں بڑے مظاہرے ہوئے جن پر بھارتی نعاد وزیر داخلہ نے تنقید کی تھی اور اسرائیلی فوج کی تعریف میں بیانات دیئے اور اسرائیل کی فوج کو دنیا کی بہترین فوج قرار دیا جس پر برطانیہ میں شدید تنقید ہو رہی تھی اور بھارتی نعاد وزیر داخلہ کا برطرف ہونا اس لحاظ سے اہم ہے کہ برطانیہ میں عوامی رائے کا احترام کیا گیا اور وہاں حکومت جو بھی فیصلے کر رہی ہے وہ اپنی جگہ اور امریکہ کے اتحادی بھی ہیں مگر اس سب کے باوجود عوامی رائے کا احترام کیا گیا اور سابق برطانوی وزیر داخلہ کے بیانات کو نامناسب قرار دیا گیا ۔