کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا مرکزی رن وے ایک ماہ کے لئے جزوی طور پر بند کردیا گیا، گزشتہ روز بند کیا جانے والا رن وے پورے مہینے بند رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا رن وے کل بروز منگل یکم مارچ سے31 مارچ تک ہفتے کے پانچ یوم دو گھنٹوں کے لیے بند رہے گا۔
اس حوالے سے نوٹم بھی جاری کردیا گیا نوٹم کے مطابق دوران بندش مرکزی رن وے7آر25ایل پر جہازوں کی لینڈنگ بند رہے گی۔
سی اے اے ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ رن وے کے بند ہونے کے دوران دوسرا رن وے07ایل 25آر لینڈنگ کے لیے استعمال ہوگا ۔
سول ایوی ایشن کے مطابق اس بندش کی وجہ رن وے پر جہازوں کی لینڈنگ کے دوران جمع ہونے والے ٹائروں کی ربر ہٹانے کا کام جاری رہے گا۔
ذرائع کے مطابق پیر، منگل اور جمعرات کو رن وے کی بندش کے اوقات صبح8 بجے سے10 بجے تک ہوں گے، بدھ کے اوقات30: 9 سے 11:30 اور جمعہ کو صبح9 سے11 بجے تک ہوں گے۔