بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بابراعظم نے تمام فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنے کااعلان کردیا

لاہور: ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ سے کپتانی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ سے کپتانی چھوڑنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ’مجھے وہ لمحہ واضح طور پر یاد ہے جب مجھے 2019 میں پاکستان کی قیادت کرنے کے لیے پی سی بی کی جانب سے کال موصول ہوئی تھی، پچھلے 4 سالوں میں، میں نے میدان کے اندر اور باہر بہت سی اونچائیوں کا تجربہ کیا ہے لیکن میں نے پورے دل سے اور جذبے سے پاکستان کے فخر اور عزت کو برقرار رکھنے کا ارادہ کیا۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’وائٹ بال فارمیٹ میں نمبر ون کا مقام حاصل کرنا کھلاڑیوں، کوچز اور انتظامیہ کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ تھا لیکن میں اس سفر کے دوران پاکستان کے پرجوش شائقین کرکٹ کے غیر متزلزل تعاون کے لیے شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔‘
بابر اعظم نے اعلان کیا کہ ’آج میں تمام فارمیٹس میں پاکستان کی کپتانی چھوڑ رہا ہوں، یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ اس کال کے لیے یہ صحیح وقت ہے۔ میں تینوں فارمیٹس میں بطور کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کرتا رہوں گا۔ میں اپنے تجربے اور لگن کے ساتھ نئے کپتان اور ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے حاضر ہوں۔
آخر میں انہوں نے لکھا کہ ’پاکستانی ٹیم کی قیادت کا موقع دینے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ پاکستان زندہ باد‘۔
اس سے پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف سے بابر اعظم نے ملاقات کی، ملاقات قذافی اسٹیڈیم کے چیئرمین چیمبر میں ہوئی۔
کپتان بابراعظم نے ذکاء اشرف کو ٹیم کی ناقص کارکردگی سے متعلق رپورٹ پیش کی۔
ذرائع کے مطابق بابراعظم نے بولنگ سمیت تمام شعبوں میں ناقص کارکردگی کو ذمہ دار ٹھہرایا، بھارت سے ناکامی کے بعد کھلاڑیوں کا مورال ڈاؤن ہوا۔
بابر اعظم نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ جنوبی افریقا اور افغانستان سے ناکامی سیمی فائنل تک نہ پہنچنےکا سبب بنی۔
پی سی بی نے بابر اعظم کو ٹیسٹ کی قیادت کی پیشکش کی ہے تاہم بابر نے کہا کہ سوچ کر جواب دوں گا۔
ذکاء اشرف سے ملاقات کے بعد بابر اعظم قذافی اسٹیڈیم سے روانہ ہوئے تو اسٹیڈیم سے نکلتے ہی شائقین نے بابر اعظم کی گاڑی کو گھر لیا۔
شائقین کی جانب سے کپتان بابر بابر کے نعرے لگائے گئے جس پر بابراعظم گاڑی میں بیٹھے مسکراتے رہے۔
قذافی اسٹیڈیم کے سامنے ٹریفک جام ہوگیا، پی سی بی سیکیورٹی اسٹاف نے بابراعظم کی گاڑی کے لیے راستہ بناکر انہیں نکالا۔