راولپنڈی: قومی احتساب بیورو(نیب) کی ٹیم نے 190ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے اڈیالا جیل میں تفتیش کی۔
نجی ٹی وی کے مطابق نیب ٹیم میں میاں عمرندیم، عاصم منیر، پراسیکیوٹرز روح الامین اورہارون بلوچ شامل تھے۔
نیب کی 4 رکنی ٹیم نے جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے ڈیڑھ گھنٹہ تفتیش کی اور واپس روانہ ہوگئی۔
جیل ذرائع نے بتایاکہ نیب ٹیم جیل میں عمران خان سے تین روز تک تفتیش کرے گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی سے تفتیش کے بعد فریقین کو دوبارہ سنا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں گرفتار کیا تھا۔
گزشتہ روز اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کی تھی۔









