لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کے لیے 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا جبکہ فاسٹ بولر حارث رؤف نے خود کو ٹیسٹ کھیلنے سے دستبردار کردیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے دورہ آسٹریلیا کے لیے 18 رکنی پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا، جس کی قیادت شان مسعود کے سپرد کی گئی ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وہاب ریاض نے بتایا کہ سرفراز احمد کو دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کرکٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
چیف سلیکٹر نے بتایا کہ 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ میں کپتان شان مسعود، بابراعظم، عبداللہ شفیق، امام الحق، حسن علی، فہیم اشرف، ابرار احمد، شاہین آفریدی، عامر جمال، خرم شہزاد، سعود شکیل، سرفراز احمد، میر حمزہ ، محمد رضوان ، وسیم جونیئر ، نعمان علی، صائم ایوب اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔
وہاب ریاض نے مزید بتایا کہ فاسٹ بولر حارث رؤف نے خود کو ٹیسٹ کھیلنے سے دستبردار کیا ہے، ہم نے حارث رؤف کو ہر ممکن سہولیات دینے کی کوشش کی اور دورے کے لیے حارث رؤف سے بات ہوئی تھی لیکن حارث نے خود دورے پر جانے سے انکار کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نسیم شاہ اگلے 3 ہفتوں میں بولنگ شروع کرے گا اور محمد حسنین نے ورزش شروع کی ہے ایک سے 2 ہفتوں میں وہ پریکٹس کا آغاز کریں گے۔
وہاب ریاض نے یہ بھی کہا کہ شاہنواز دہانی، شاداب خان، اسامہ میر، عثمان قادر اور محمد نواز کیمپ کوجوائن کریں گے۔
چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ ٹاپ آرڈر میں امام الحق ،عبداللہ شفیق اور شان مسعود پرفارم کررہے ہیں، چار پانچ اسپینر کیمپ میں بلائے ہیں، صاحبزادہ فرحان ٹاپ اسکورر رہے لیکن ابھی اسکواڈ میں جگہ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حسن علی کی کاؤنٹی سیزن میں اچھی پرفارمنس رہی ہے اور تجربہ بھی ہے، حسن علی جیسا کھلاڑی ہے وہ آسٹریلیا میں پرفامنس دے گا۔
دوسری جانب وہاب ریاض نے پاکستان کرکٹ ٹیم کا چیف سلیکٹر بننے کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 نہ کھیلنے کا اعلان کردیا۔
دورہ آسٹریلیا کیلئے 18 رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان، حارث رؤف دستبردار








