واشنگٹن: امریکا نے علیحدگی پسند سکھ رہنما گروپتونت سنگھ پنوں کو امریکی سرزمین پر قتل کرنے کی بھارتی سازش ناکام بنا دی ۔
موقر امریکی اخبار ”فنانشل ٹائمز“ نے بدھ کو نامعلوم اہلکاروں کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ امریکی حکومت نے ہندوستان سے احتجاج بھی کیا ہے اور واضح الفاظ میں بھارت کو بتا دیا ہے کہ وہ جانتے ہیں پنوں کو ختم کرنے کی ’سازش میں نئی دہلی ملوث ہے‘۔
گروپتونت سنگھ پنوں ایک امریکی اور کینیڈین شہری ہیں اور امریکہ میں قائم ”سکھس فار جسٹس“ نامی تنظیم کے سربراہ ہیں۔
بھارت نے سکھس فار جسٹس کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔
فنانشل ٹائمز کی یہ رپورٹ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے اُس الزام کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں کینیڈا میں مقیم ایک سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجار کے قتل میں ہندوستانی حکومت کے ایجنٹس ملوث ہونے بکاا نکشاف کیا گیا تھا۔
پنوں کی طرح نجار بھی علیحدہ سکھ ریاست خالصتان کے حامی تھے، جنہیں اس سال جون میں کینیڈا کے سرے میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔
فنانشل ٹائمز نے پنوں کے حوالے سے یہ نہیں بتایا کہ آیا امریکی حکام نے انہیں مبینہ سازش کے بارے میں متنبہ کیا یا نہیں۔
لیکن پنوں نے کہا ہے کہ وہ ’امریکی حکومت کو بھارتی کارندوں کے ہاتھوں امریکی سرزمین پر میری جان کو لاحق خطرات کے معاملے پر جواب دینے دیں گے‘۔
امریکا نے سکھ رہنما کے قتل کی بھارتی سازش ناکام بنا دی








