لاہور(نیوزڈیسک)سابق وفاقی وزیر چودھری مونس الٰہی کو وطن واپس لانے کے لیے قانونی عمل کا آغاز کردیا گیا۔
تفصیلا ت کے مطابق مونس الٰہی کو واپس لانے کے لیے نگران وفاقی حکومت نے انٹرپول سے رابطہ کیا جس سلسلے میں ایف آئی اے کے حکام نے انٹرپول سے رابطہ کیا ہے جس میں مونس الٰہی کے خلاف تمام مقدمات کی تفصیل انٹرپول حکام سے شیئر کی گئی ہے۔
انٹرپول سے مونس الٰہی کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کرانے کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے، ایف آئی اے اور نگران وفاقی حکومت نے نگران پنجاب حکومت سے ڈیٹا مانگا تھا، نگران صوبائی حکومت نے مونس الٰہی سے متعلق تمام ڈیٹا ایف آئی اے کے حوالے کردیا ہے۔
مونس الٰہی کی پراپرٹیز کو منجمد اور ان کے بینک اکاؤنٹس کو فریز کردیا گیا ہے،
مونس الٰہی نے اپنے مختلف بینک اکاؤنٹس سے 48 کروڑ روپے نکلوائے، یہ رقم منی لانڈرنگ میں استعمال ہوئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ماضی میں مطلوب مجرموں کی پاکستان حوالگی کی مثالیں موجود ہیں۔
مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے میں لاہور میں ان کے 8 مختلف بینک اکاؤنٹس اور 6 پراپرٹیز منجمد کردی گئی ہیں۔
دستاویز کے مطابق رقم جمع اور نکلوانے میں استعمال تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے گئے ہیں، مونس الہٰی کے مختلف بینک اکاؤنٹس منی لانڈرنگ کے لیے استعمال ہوئے۔
دستاویز کے مطابق مونس الہٰی کی 6 مختلف پراپرٹیز کو بھی منجمد کردیا گیا ہے، قصور میں 5 اور راولپنڈی میں ایک پراپرٹی کو منجمد کیا گیا ہے۔
دستاویز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مونس الہٰی نے پراپرٹیز منی لانڈرنگ سے بنائی ہیں۔
مونس الٰہی کی وطن واپسی کیلئے ایف آئی اے نے انٹرپول سے رابطہ کرلیا








