اسلام آباد ممتازنیوز)سابق وفاقی وزیر اور سینئر سیاستدان محمد علی درانی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نوازشریف، پی پی پی پی کے چئیرمین اورسابق صدر آصف زرداری اور پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان وزارت عظمی کے امیدوار نہ بن کر ملک میں نیشنل یونٹی حکومت کی تشکیل کی راہ ہموار کریں۔
یہاں گفتگو کرتے ہوئے محمد علی درانی نے کہاکہ تمام جماعتوں کے قائدین خود وزارت عظمی کے امیداور بننے کے بجائے متبادل قیادت سامنے لائیں۔ انہوں نے سابق صدر آصف زرداری کے نیشنل یونٹی گورنمنٹ کی تشکیل کے پلان سے اتفاق کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دیگر سیاسی قائدین کو بھی اسی سوچ کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ سینیٹر محمد علی درانی نے ملک میں سیاسی مفاہمت کے عمل کا آغاز کیا تھا جبکہ رواں ماہ 15 نومبر کو ملک میں ایک منتخب نیشنل یونٹی گورنمنٹ کی تشکیل کا پلان پیش کیا تھا۔ انہوں نے برطانیہ، آئرلینڈ اور جنوبی افریقہ کی مثالیں بھی دی تھیں جنہوں نے پارلیمانی ڈھانچے میں رہتے ہوئے ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے نیشنل یونٹی گورنمنٹس بنائی تھیں۔
محمد علی درانی نے کہاکہ عام انتخابات کے بعد نیشنل یونٹی حکومت کا قیام ملک میں موروثیت اور نااہلی کی سیاست کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے ذریعے نیشنل یونٹی حکومت کا قیام معیشت کو مضبوط اور سیاست اور فوج کے درمیان ٹکراؤ کو ہمیشہ کے لئے ختم کردے گا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہاکہ سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے حالیہ انٹرویو میں موروثی سیاست کو رد کردیا ہے۔ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) میں اب موروثی سیاست نہیں چل سکتی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ میاں محمد نوازشریف، آصف زرداری اور عمران خان وزارت عظمی کے امیدوار نہ بن کر نیشنل یونٹی حکومت کا راستہ ہموار کریں۔ محمد علی درانی نے کہاکہ سیاسی پارٹیوں کا نیشنل یونٹی گورنمنٹ پر اتفاق ’سلیکشن کی سیاست‘ کو ختم کردے گا۔
سینئر سیاستدان محمد علی درانی نے قومی حکومت کے قیام کے تجویز دے دی








