بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان اہم ملاقات طے پاگئی

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان اہم ملاقات طے پاگئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایم کیوایم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما کل اسلام آباد میں سرجوڑ کر بیٹھیں گے۔
ایم کیو ایم کا وفد کل شام 4 بجے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے ملاقات کرے گا۔

ایم کیوایم وفد میں فاروق ستار، مصطفی کمال اور امین الحق شامل ہوں گے جبکہ احسن اقبال، ایاز صادق اور ن لیگ کے دیگر رہنما ملاقات میں شریک ہوں گے۔
ن لیگ اور ایم کیو ایم وفود کی اس ملاقات میں عام انتخابات میں سیٹ ایڈ جسٹمنٹ سے متعلق امور پر مشاورت ہوگی۔
دوسری جانب ایم کیو ایم نے بلدیاتی حکومتوں کو وفاق سے براہ راست فنڈز کی منتقلی کا مطالبہ کردیا جبکہ استحکام پاکستان پارٹی نے بھی ایم کیو ایم کے مجوزہ بل کی حمایت کردی۔
ایم کیو ایم پاکستان نے مجوزہ آئینی ترمیمی بل عوام کے سامنے پیش کردیا۔ کراچی میں سیمینار سے خطاب میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ صوبوں کی طرح وفاق سے شہری حکومتوں کو بھی براہ راست پیسے ملنے چاہیئے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینئر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی میں میئر کا انتخاب وقت پر نہیں ہوتا، ایڈمنسٹریٹر لگاکر چھوڑ دیا جاتا ہے۔ اب یہ سلسلہ بند ہونا چاہیئے۔
سیمینار میں شریک استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عمران اسماعیل نے بھی ایم کیو ایم مجوزہ ترمیمی بل کی حمایت کی اور کہا کہ کراچی کو کب تک سسکتا اور بلکتا دیکھتے رہیں گے؟۔
فاروق ستار، فیصل سبزواری سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مضبوط صوبے مضبوط پاکستان کی ضمانت ہیں، شہر کی حالت بدلنے کے لیے سب کو اکٹھا ہونا ہوگا۔
سیمینار میں مفتاح اسماعیل، شاہد سید، محمد زبیر سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔