حافظ آباد(نیوز ڈیسک) رہنما پی ٹی آئی ڈاکٹر شہباز گل کی گاڑی کو ٹکر مارنے والے ملزم وجاہت سے متعلق خاندانی ذرائع نے بتایا ہے کہ وہ اوورسیز پاکستانی ہیں اور پرتگال میں رہائش پذیر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملزم وجاہت کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ پرتگال میں رہائش پذیر ہیں اور چھٹیوں پر پاکستان آئے ہوئے تھے، ملزم وجاہت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹر شہباز گل کی گاڑی کو غلطی سے ٹکر لگی۔
گرفتار ملزم وجاہت کو تاحال عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے پولیس کے اعلیٰ افسران تفتیش کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ 5 مئی کو لاہور سے اسلام آباد جانے کے دوران موٹر وے پر ان کی گاڑی کو عقب سے دوسری گاڑی نے ٹکر مار دی تھی جس کے نتیجے میں وہ الٹ گئی تھی۔
ٹکر مارنے والے ملزم وجاہت علی کو بعد ازاں گرفتار کیا گیا، معلوم ہوا کہ وجاہت علی نے رینٹ پر گاڑی مرید کے سے حاصل کی تھی اور اہل خانہ کے ساتھ اسلام آباد جانے نکلے تھے، انھوں نے کہا کہ یہ محض حادثہ تھا جس کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔









